وزیراعظم شہباز شریف کا لڑکیوں کی تعلیم کے حوالے سے خطاب: مسلم ممالک کو بڑے پیمانے پر کام کرنے کی ضرورت

وزیراعظم شہباز شریف کا لڑکیوں کی تعلیم کے حوالے سے خطاب: مسلم ممالک کو بڑے پیمانے پر کام کرنے کی ضرورت

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ لڑکیوں کی تعلیم وقت کا بڑا چیلنج ہے اور مسلم ممالک کو اس حوالے سے بڑے پیمانے پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ’’مسلم معاشروں میں لڑکیوں کی تعلیم، چیلنجز اور مواقع‘‘ کے عنوان سے منعقدہ 2 روزہ بین الاقوامی کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ لڑکیوں کی تعلیم ایک اہم چیلنج ہے جس کا حل مسلم ممالک کو مشترکہ طور پر تلاش کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں لڑکیوں کی تعلیم کو فروغ دینے کے لیے حکومت تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔کانفرنس میں 47 ممالک کے وزرا، اہم شخصیات اور مختلف اداروں و تنظیموں کے نمائندے شریک ہوئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ تعلیم حاصل کرنا ہر معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے، اور لڑکیوں کی تعلیم میں سامنے آنے والے چیلنجز کا مقابلہ کرنا ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مشترکہ اقدامات کے ذریعے غریب ممالک میں لڑکیوں کی تعلیم تک رسائی کو ممکن بنایا جا سکتا ہے۔

وزیراعظم نے اسلام کے ابتدائی دور کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسلام نے خواتین سمیت معاشرے کے تمام طبقات کے لیے علم حاصل کرنے کی اہمیت بتائی ہے۔ انہوں نے حضرت خدیجہ اور محترمہ فاطمہ جناح کی خدمات کو بھی اجاگر کیا اور کہا کہ بے نظیر بھٹو اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم بنیں، جنہیں خراج عقیدت پیش کیا جانا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی خواتین ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں، جن میں ارفع کریم کا نام خصوصی طور پر لیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ عالمی کانفرنس کا انعقاد پاکستان کے لیے اعزاز کی بات ہے اور اس میں ملالہ یوسف زئی کا شریک ہونا فخر کا باعث ہے، کیونکہ وہ ہمت اور عزم کی علامت ہیں۔

دورانِ خطاب، وزیراعظم شہباز شریف نے عربی زبان میں بھی کچھ جملے ادا کیے، جس پر کانفرنس کے شرکا نے ان کا شکریہ ادا کیا اور تالیاں بجا کر ان کا استقبال کیا۔