موسمیاتی تبدیلی سرحدوں کی پابند نہیں، عالمی برادری ترقی پذیر ممالک سے کیے گئے وعدے پورے کرے: وزیراعظم شہباز شریف کا کوپ 31اجلاس سے خطاب

موسمیاتی تبدیلی سرحدوں کی پابند نہیں، عالمی برادری ترقی پذیر ممالک سے کیے گئے وعدے پورے کرے: وزیراعظم شہباز شریف کا کوپ 31اجلاس سے خطاب

انطالیہ: وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ترقی پذیر ممالک سے کیے گئے وعدے پورے کیے جائیں اور موسمیاتی نقصانات سے نمٹنے کے لیے محض اعلانات کے بجائے ٹھوس اور عملی اقدامات کیے جائیں۔

 ان کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کسی سرحد کی پابند نہیں اور قدرتی آفات انسانی جانوں اور معیشت کو بھاری نقصان پہنچاتی ہیں۔ترکیہ کے شہر انطالیہ میں اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی کانفرنس کوپ 31 (COP31) کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک عالمی چیلنج ہے جس سے نمٹنے کے لیے تمام ممالک کو مشترکہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ ترقی پذیر ممالک موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، اس لیے عالمی برادری کو ان کی مالی اور تکنیکی معاونت کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے سنگین اثرات کا سامنا کرنے والے ممالک میں شامل ہے۔ ملک میں تباہ کن سیلابوں کے باعث 3 کروڑ 30 لاکھ افراد متاثر ہوئے جبکہ پاکستان کو بھاری مالی اور معاشی نقصانات بھی برداشت کرنا پڑے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سال 2022 کے تباہ کن سیلاب کے دوران ترکیہ کی حکومت اور عوام پاکستان کے ساتھ کھڑے رہے اور مشکل وقت میں بھرپور تعاون فراہم کیا۔ انہوں نے ترک قیادت اور عوام کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں ملنے والی مدد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

وزیراعظم نے کانفرنس کے شرکا کو پاکستان میں توانائی کے شعبے میں جاری منصوبوں سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ کے یونٹ سی فائیو (C-5) کے ڈوم کی کامیاب تنصیب کی تقریب میں شرکت کی۔ اس منصوبے کی تکمیل سے پاکستان کے قومی گرڈ میں 1200 میگاواٹ سستی اور ماحول دوست بجلی شامل ہوگی، جس سے توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی۔شہباز شریف نے مزید بتایا کہ پاکستانی عوام نے گزشتہ صرف دو سال کے دوران بجلی کی تقسیم کے نظام میں 20 گیگاواٹ سولر انرجی کا اضافہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مجموعی توانائی پیداوار میں تقریباً 55 فیصد کلین انرجی شامل ہو چکی ہے، جو صاف اور قابل تجدید توانائی کی جانب ملک کی پیش رفت کا ثبوت ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ عالمی کاربن اخراج میں پاکستان کا حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے، اس کے باوجود ملک موسمیاتی تبدیلی کے شدید اثرات برداشت کر رہا ہے۔ پاکستان ماحول دوست توانائی کے فروغ اور کاربن اخراج میں کمی کے لیے مختلف اقدامات کر رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان الیکٹرک موبیلیٹی کی جانب بھی پیش رفت کر رہا ہے اور حکومت نے 2035 تک کاربن اخراج میں 50 فیصد تک کمی لانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ اس مقصد کے لیے صاف توانائی کے ذرائع کو فروغ دینے اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے استعمال کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خطاب میں پانی کے وسائل کے تحفظ اور مشترکہ آبی معاہدوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملک کو پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرکے دوسرے ملک کے عوام کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ تمام ممالک کو مشترکہ آبی معاہدوں کا احترام کرنا چاہیے اور پانی کے وسائل کے منصفانہ استعمال کو یقینی بنانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پانی انسانی زندگی، زراعت اور معیشت کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے، اس لیے آبی وسائل سے متعلق تنازعات کو باہمی تعاون اور بین الاقوامی معاہدوں کے تحت حل کیا جانا چاہیے۔اجلاس کے دوران وزیراعظم نے کانفرنس کے بہترین انتظامات اور شاندار میزبانی پر ترک صدر اور ترکیہ کے عوام کا شکریہ بھی ادا کیا۔