غزہ امن معاہدہ پر شہباز شریف کا مسلم ممالک اور صدر ٹرمپ کو خراجِ تحسین

غزہ امن معاہدہ پر شہباز شریف کا مسلم ممالک اور صدر ٹرمپ کو خراجِ تحسین

وزیراعظم شہباز شریف نے مصر کے شہر شرم الشیخ میں منعقدہ سربراہی اجلاس کے موقع پر مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی عرب، قطر، مصر، ترکیہ اور متحدہ عرب امارات کے رہنماؤں کی فلسطین میں امن معاہدے کے لیے کی جانے والی کوششوں پر ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے اپنے خطاب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی امن کے قیام میں کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ:“میں صدر ٹرمپ کو Man of Peace قرار دیتا ہوں۔ انہوں نے ایسے وقت میں امن کے لیے عملی کردار ادا کیا جب دنیا کو اس کی سب سے زیادہ ضرورت تھی۔”شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے ماضی میں بھی صدر ٹرمپ کو امن کے نوبیل انعام کے لیے نامزد کیا تھا اور “آج میں دوبارہ صدر ٹرمپ کو نوبیل پیس پرائز کے لیے نامزد کرنے کی خواہش ظاہر کرتا ہوں، کیونکہ انہوں نے مشرقِ وسطیٰ میں امن کے قیام میں ایک تاریخی کردار ادا کیا ہے۔”انہوں نے کہا کہ غزہ امن معاہدہ وہ پیش رفت ہے جس پر بہت سے لوگ یقین نہیں کر رہے تھے، مگر اب جنگ ختم ہوچکی ہے اور امن لوٹ آیا ہے۔وزیراعظم نے اپنے خطاب میں پاک-بھارت کشیدگی کے دوران صدر ٹرمپ کے کردار کا بھی ذکر کیا اور کہا:“صدر ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کو رکوانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اگر اس وقت یہ جنگ چھڑ جاتی تو خطے میں تباہی پھیل جاتی۔ تاریخ صدر ٹرمپ کو سنہرے حروف میں یاد رکھے گی کیونکہ انہوں نے لاکھوں زندگیاں بچائیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کو اس وقت امن، اتحاد اور انسانیت کے احترام کی ضرورت ہے، اور امریکہ سمیت تمام بڑی طاقتوں کو اس سمت میں کردار ادا کرنا چاہیے۔وزیراعظم نے کہا کہ غزہ میں امن معاہدہ ایک تاریخی کامیابی ہے، اور انہوں نے اس موقع پر امریکی فوج کی صلاحیت اور طاقت کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ“امریکی فوج دنیا کی سب سے زیادہ منظم اور طاقتور فورس ہے، اور اس نے امن کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔”شہباز شریف کے اس بیان کو عالمی میڈیا میں غزہ امن معاہدے پر پاکستان کے خیرمقدمی ردعمل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے.