انطالیہ: وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی ماحولیاتی کانفرنس COP31 کے اعلیٰ سطح اجلاس میں شرکت کے لیے ترکیہ کے شہر انطالیہ میں موجود ہیں، جہاں آج ان کی مصروفیات میں عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں اور اہم اجلاس سے خطاب شامل ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف ترک صدر رجب طیب اردوان کی میزبانی میں منعقد ہونے والے اعلیٰ سطح اجلاس میں شرکت کریں گے، جس کا عنوان ’’Clean Energy Transition by 2035: Powering the Future‘‘ ہے۔ اجلاس میں وزیراعظم قابلِ تجدید توانائی کے فروغ اور مستقبل میں صاف توانائی کی اہمیت سے متعلق پاکستان کا وژن پیش کریں گے۔وزیراعظم COP31 کے سربراہی اجلاس میں پاکستان کا قومی مؤقف (National Statement) بھی پیش کریں گے، جس میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات، ماحولیاتی انصاف اور موسمیاتی خطرات سے متاثرہ ممالک کو درپیش مسائل کو اجاگر کیا جائے گا۔اس موقع پر وزیراعظم عالمی رہنماؤں کے سامنے پاکستان کا مؤقف رکھتے ہوئے اس بات پر زور دیں گے کہ موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ترقی پذیر ممالک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عالمی تعاون اور مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم کے دورے کے دوران مختلف ممالک کے سربراہان اور اہم عالمی رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی طے ہیں۔ ان ملاقاتوں میں پاکستان کے دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات، باہمی تعاون اور موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے عالمی چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف شام کو ترک صدر رجب طیب اردوان کی جانب سے عالمی رہنماؤں کے اعزاز میں دیے جانے والے پروقار گالا ڈنر میں بھی شرکت کریں گے۔