نیویارک(آئی این پی)موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں سالانہ اوسط عالمی درجہ حرارت 2024میں پہلی بار صنعتی عہد سے قبل کے مقابلے میں 1.5ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا۔اس طرح گذشتہ سال انسانی تاریخ کا گرم ترین سال بن گیا ہے۔یورپی موسمیاتی ادارے کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ 2024 کا اوسط عالمی درجہ حرارت صنعتی عہد سے قبل کے مقابلے میں 1.6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہا۔رپورٹ کے مطابق 2024 ممکنہ طور پر گذشتہ ایک لاکھ سال میں سب سے زیادہ گرم ترین ثابت ہوا۔اس سے قبل 2023انسانی تاریخ کا گرم ترین سال قرار پایا تھا جس کے دوران اوسط عالمی درجہ حرارت صنعتی عہد سے قبل کے مقابلے میں 1.48ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ درجہ حرارت میں اضافے کی بنیادی وجہ خام ایندھن جیسے کوئلے، تیل اور گیس کو جلانا ہے جس سے دنیا بھر میں زندگیوں اور روزگار کو نقصان پہنچا ہے۔