بنگلورو میں اسکول بس بے قابو، موٹر سائیکل سے تصادم میں دو بچیاں جاں بحق

بنگلورو میں اسکول بس بے قابو، موٹر سائیکل سے تصادم میں دو بچیاں جاں بحق

بھارت کی ریاست کرناٹک کے دارالحکومت بنگلورو کے علاقے تھانی سندرا میں پیش آنے والے افسوسناک ٹریفک حادثے میں دو کمسن بچیاں جان کی بازی ہار گئیں۔

 واقعہ بدھ کی صبح تقریباً 8 بجے ہینر ٹریفک پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع پولیس کوارٹرز کے قریب پیش آیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلح ریزرو فورس سے وابستہ کانسٹیبل ناگناگوڈا اپنی موٹر سائیکل پر دودھ لینے جا رہے تھے۔ ان کے ساتھ ان کی 2 سالہ بیٹی ورشا اور 4 سالہ بھتیجی بھانو بھی موجود تھیں۔ اسی دوران ایک اسکول بس موڑ کاٹتے ہوئے ان کی کھڑی موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی۔ٹکر کے نتیجے میں دونوں بچیاں سڑک پر گر گئیں اور بس کا پچھلا پہیہ ان کے اوپر سے گزر گیا، جس سے وہ شدید زخمی ہو گئیں۔ انہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹرز نے دونوں کو مردہ قرار دے دیا۔حادثے میں کانسٹیبل ناگناگوڈا معمولی زخمی ہوئے۔ بچیوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے یلہنکا گورنمنٹ اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔ٹریفک پولیس نے بس ڈرائیور کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کر لیا ہے اور واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔