تحریک انصاف کے ہم خیال رہنماؤں کی استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت

تحریک انصاف کے ہم خیال رہنماؤں کی استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت

گلگت بلتستان میں اہم سیاسی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں سابق گورنر، سابق وزیر اعلیٰ اور وزرا نے استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

سابق گورنر جلال حسین مقپون، سابق وزیر اعلیٰ حاجی گلبر خان اور گلگت بلتستان اسمبلی کے سابق قائد حزب اختلاف کیپٹن شفیع سمیت دیگر اہم رہنماؤں نے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس کے دوران پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔سابق وزرا فتح اللہ خان، شمس اللہ حق، حاجی شاہ بیگ، دلشاد بانو اور دیگر بھی شامل ہوئے، جبکہ گلگت بلتستان سے خان اکبر خان، مولانا سلطان رئیس اور ایمان شاہ بھی پارٹی میں شامل ہوئے۔

استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ علیم خان نے کہا کہ پارٹی گلگت بلتستان میں عوام کو ٹیکس سے نجات دلانے، سیاحت کے ذریعے وسائل بڑھانے اور عوامی منشور کے تحت عوامی خدمت کے لیے کام کرے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ شمولیت پچھلی جماعت سے بغاوت نہیں بلکہ نئے سیاسی راستے کے انتخاب کا نتیجہ ہے۔