لاہور کے حلقہ این اے 120 اور پی پی 151 سے تعلق رکھنے والے متعدد مقامی سیاسی و سماجی رہنماؤں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں شمولیت اختیار کرلی، جس سے پارٹی کی مقامی سطح پر سیاسی پوزیشن مزید مستحکم ہو گئی ہے۔
شمولیتی تقریب میں صدر صرافہ یونین جلو موڑ اعجاز احمد نے اپنے ساتھیوں سمیت باضابطہ طور پر پی ٹی آئی میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر سابق کونسلر وارڈ نمبر ایک اسلم بھٹی نے بھی پارٹی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے تحریک انصاف کا حصہ بننے کا فیصلہ کیا۔تقریب میں سابق صدر واہگہ ٹاؤن یوسف لدھڑ، راشد کرامت بٹ، چودھری یعقوب اور سابق جنرل سیکرٹری واہگہ ٹاؤن سید جبران حیدر شاہ سمیت متعدد پارٹی رہنما شریک ہوئے۔رکن پنجاب اسمبلی شیخ امتیاز محمود نے نئے شامل ہونے والے رہنماؤں کو خوش آمدید کہا اور کہا کہ ان کی شمولیت سے نہ صرف پی ٹی آئی کے مقامی نیٹ ورک میں تقویت آئے گی بلکہ عوامی رابطے اور تنظیمی ڈھانچہ بھی مزید فعال ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ این اے 120 اور پی پی 151 کے عوام اب ایک بار پھر عمران خان کے وژن پر متحد ہو رہے ہیں، اور یہ شمولیتیں عوامی اعتماد کی علامت ہیں۔شیخ امتیاز محمود کا کہنا تھا کہ پارٹی اپنے ورکرز اور عوام کے درمیان رابطہ مزید مضبوط بنانے کے لیے جلد بڑے جلسے اور کارنر میٹنگز کا انعقاد کرے گی۔