بھارتی ریاست کرناٹک میں ایک کم عمر کالج کی طالبہ نے اپنے ہی اغواء کا فرضی ڈرامہ رچایا، جسے پولیس تحقیقات کے دوران بے نقاب کر دیا گیا۔
ابتدائی طور پر طالبہ نے پولیس کو بتایا کہ وہ اسکوٹی پر کالج جا رہی تھی کہ ایک کار میں سوار تین نقاب پوش افراد نے اسے اغواء کرنے کی کوشش کی اور چاقو سے حملہ کیا۔ اس شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے اسے سرکاری اسپتال منتقل کیا۔تاہم سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ اور مزید پوچھ گچھ کے دوران پولیس کو اغواء کا کوئی ثبوت نہ ملا، اور طالبہ کے بیانات میں تضاد بھی سامنے آیا۔ طبی معائنے میں زخم معمولی اور خود ساختہ ثابت ہوئے۔
سخت تفتیش پر طالبہ نے اعتراف کیا کہ وہ دیہی کالج چھوڑ کر منگلورو شہر کے کالج میں داخلہ لینا چاہتی تھی، اسی لیے اس نے اغواء کی جھوٹی کہانی بنائی۔پولیس کے مطابق طالبہ نے اپنی کتابیں بھی جلائیں اور اغواکاروں پر الزام لگایا، جبکہ ایک عینی شاہد کا بیان بھی غلط ثابت ہوا۔ اغواء کا کیس بند کر دیا گیا اور طالبہ کی کونسلنگ کی جا رہی ہے۔