بھارتی ریاست راجستھان میں ایک خاتون مبینہ طور پر گھر سے زیورات چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑی گئی، جس کے بعد واقعے نے نیا رخ اختیار کر لیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گھر کا مالک واپس پہنچا تو اس نے ایک نامعلوم خاتون کو اپنے گھر کے اندر موجود پایا، جس پر اس نے اس سے پوچھ گچھ شروع کر دی۔رپورٹس کے مطابق خود کو گھر میں گھرا دیکھ کر خاتون نے مبینہ طور پر مالک مکان کو دھمکی دی کہ اگر اسے باہر جانے نہ دیا گیا تو وہ اپنے کپڑے پھاڑ کر شور مچا دے گی اور پڑوسیوں سمیت پولیس کو بلا کر اس پر جھوٹا الزام عائد کر دے گی۔اس صورتحال میں گھر کے مالک نے مرکزی دروازہ بند کیا، خود باہر نکل کر پڑوسیوں کو بلایا اور واقعے کی موبائل فون سے ویڈیو بھی بنا لی۔اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور خاتون کو اپنی تحویل میں لے لیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ گھر میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج اور مالک کی بنائی گئی ویڈیو نے واقعے کی حقیقت واضح کرنے میں اہم کردار ادا کیا، جس کے باعث مالک مکان کو کسی قانونی پیچیدگی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ خاتون عادی مجرم ہے، جبکہ اس کے خلاف مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس کے ممکنہ جرائم اور ساتھیوں سے متعلق بھی معلومات حاصل کی جا سکیں۔