بھارت کے نجی انجینئرنگ کالج میں طالبہ سے زیادتی کا افسوسناک واقعہ رونما

بھارت کے نجی انجینئرنگ کالج میں طالبہ سے زیادتی کا افسوسناک واقعہ رونما

بھارتی ریاست کرناٹک کے شہر بنگلور میں ایک شرمناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ایک نجی انجینئرنگ کالج میں ایک طالبہ کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق، واقعہ 10 اکتوبر کو پیش آیا، جب ساتویں سمسٹر کی متاثرہ طالبہ نے 21 سالہ جیون گوڑا، جو کہ چھٹے سمسٹر کا طالب علم ہے، کے خلاف شکایت درج کروائی۔ طالبہ کے مطابق، ملزم نے اسے کالج کے آرکیٹیکچر بلاک کے قریب بلایا، اور اس کے انکار کے باوجود اسے زبردستی لفٹ کے ذریعے چھٹی منزل تک لے گیا، جہاں اس نے زیادتی کی۔ملزم جیون گوڑا کو بدھ کے روز گرفتار کر کے عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس رپورٹ کے مطابق، ملزم پہلے بھی طالبہ کے ہم جماعت رہ چکے ہیں، لیکن تعلیمی تاخیر کے باعث ایک سال پیچھے رہ گیا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کے دوران، ملزم نے طالبہ کا موبائل فون بھی چھین لیا تاکہ وہ کسی سے رابطہ نہ کرسکے۔ متاثرہ طالبہ نے واقعے کے بعد اپنے دو دوستوں کو آگاہ کیا اور بعد میں والدین کے ہمراہ پولیس اسٹیشن میں رپورٹ درج کروائی۔

تحقیقات کے دوران، پولیس جائے وقوعہ کا معائنہ کر رہی ہے، لیکن سی سی ٹی وی کیمروں کی عدم موجودگی کے باعث شواہد جمع کرنے میں دشواری کا سامنا ہے۔ فرانزک اور ڈیجیٹل شواہد کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔دوسری جانب، بی جے پی نے ریاستی حکومت پر تنقید کی ہے، اور کہا ہے کہ کرناٹک میں قانونی نظام مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے۔ صرف گزشتہ چار ماہ میں 979 جنسی حملوں کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں سے 114 بنگلور سے ہیں۔کالج انتظامیہ نے اس واقعہ پر ابھی تک کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا ہے۔یہ واقعہ ایک بار پھر اس بات کو واضح کرتا ہے کہ تعلیم کے اداروں میں خواتین کی حفاظت اور سیکورٹی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔