ملزم موٹر سائیکل چھیننے ،چوری کی درجنوں وارداتوں میں مطلوب تھا
لاہور(کرائم رپورٹر)سیف سٹی بہاولپور کی جدید نگرانی ٹیکنالوجی کی مدد سے پولیس نے 45 سے زائد موٹر سائیکلیں چوری کرنے والے عادی ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان سیف سٹی کے مطابق گرفتار ملزم شہریوں سے موٹر سائیکل چھیننے اور چوری کی درجنوں وارداتوں میں ملوث تھا اور بہاولپور کی نیو سبزی منڈی اور اس کے گرد و نواح کے علاقوں میں سرگرم عمل تھا سیف سٹی بہاولپور ٹیم نے جدید کیمروں کے ذریعے ملزم کی نقل و حرکت کو ٹریس کیا اور شواہد اکٹھے کیے۔ سیف سٹی کیمروں کی مدد سے مختلف مقامات پر ملزم اور وارداتوں میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل کی نشاندہی کی گئی، جس کی بنیاد پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیابہاولپور میں نصب جدید کیمروں کی بدولت جرائم کی بروقت اور مؤثر ٹریسنگ ممکن ہو رہی ہے، جس سے شہریوں کے تحفظ کو مزید یقینی بنایا جا رہا ہیانہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ اپنی حفاظت کے پیش نظر موٹر سائیکل ہمیشہ مکمل لاک لگا کر پارک کریں اور اضافی سکیورٹی لاک کے استعمال کو بھی یقینی بنائیں۔ مزید برآں، کسی بھی مشکوک سرگرمی یا ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر 15 پر کال کریں تاکہ بروقت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔