پاکستان اور انڈونیشیا کا اقتصادی اور سرمایہ کاری تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق

 نائب وزیراعظم اسحاق دار کی انڈونیشیا کے وزیر سرمایہ کاری روزان روزلانی سے وفود کی سطح پر ملاقات‘بہترین تجربات کے تبادلے پر بات چیت
اسلام آباد(آن لائن)پاکستان اور انڈونیشیا نے اقتصادی اور سرمایہ کاری تعلقات کو مضبوط بنانے اور ترجیحی شعبوں میں تعاون اور بہترین تجربات کے تبادلے پراتفاق کیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق دار نے انڈونیشیا کے وزیر سرمایہ کاری روزان روزلانی سے وفود کی سطح پر ملاقات کی، ملاقات میں پاکستان-انڈونیشیا اقتصادی اور سرمایہ کاری تعلقات کو مضبوط بنانے پر زور دیاگیا۔ ترجمان کے مطابق دوطرفہ اجلاس میں ترجیحی شعبوں میں تعاون اور بہترین تجربات کے تبادلے پر بھی توجہ دی گئی، وزارتِ خزانہ، ایس آئی ایف سی اور سرمایہ کاری بورڈ نے پاکستان کے سرمایہ کاری ماحول اور سہولت کاری کے طریقہ کار پر بریفنگ دی، ترجمان کے مطابق نائب وزیراعظم نے باہمی احترام اور تعاون کی بنیاد پر طویل مدتی تعلقات کے عزم کی تصدیق کی، نائب وزیراعظم اسحاق دار نے باہمی سرمایہ کاری کو شراکت داری کے لیے محرک قرار دیا۔