دہشت گردوں کیخلاف آپریشن میں کسی نے سیاست کی تواسے بھی گاڑدیا جائیگا فیصل واوڈا

اسلام آباد واقعہ کے بعد دہشت گردی کے خلاف واضح اور جامع حکمت عملی اپنانا ناگزیر ہو چکا ہے،اس وقت ملک کو یکجہتی کی اشد ضرورت ہے
  پی ٹی آئی کی ہڑتال ہو گئی اور کسی کو پتا ہی نہیں چلا،فوجی جوان جنازے اٹھا رہے ہیں اور آپ تقاریر میں فوج پر تنقید کر رہے ہیں، کچھ تو احساس کریں
فی الوقت مذاکرات نہیں بلکہ مذاق ہو رہا ہے ، اگر درست طریقہ کار اپنایا جائے تو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات بھی ممکن ہو سکتی ہے :میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد(آئی این پی ) سینیٹر فیصل واوڈ نے انکشاف کیا ہے  ملک میں  اب  دہشت گردوں کیخلاف  بہت بڑا آپریشن ہوگا اور اگر کسی پارٹی یاسیاستدان نے سیاست کی تو اس کو بھی دہشت گرد کی طرح گاڑدیا جائے۔ رلیمنٹ ہائو س کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  انہوں نے کہا     اس وقت ملک کو یکجہتی کی اشد ضرورت ہے، مگر بدقسمتی سے بعض حلقے سیاست اور ہڑتالوں میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا کہ کون سی ہڑتال ہوئی؟ ہر اتوار کو دکانیں بند ہوتی ہیں اور اگلے اتوار کو بھی بند ہوں گی، پی ٹی آئی کی ہڑتال ہو گئی اور کسی کو پتا ہی نہیں چلا۔سینٹر واوڈا نے کہا کہ فوجی جوان جنازے اٹھا رہے ہیں اور آپ تقاریر میں فوج پر تنقید کر رہے ہیں، کچھ تو احساس کریں، کوئی تو حد ہوتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن موثر انداز میں جاری ہیں اور دہشت گردوں کو مارتے رہیں گے، جبکہ کسی سیاسی جماعت نے آپریشن کے راستے میں آنے کی کوشش کی تو اسے بھی سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔بھارت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے سینٹر واوڈا نے کہا کہ بھارت کو اتحاد کے ذریعے شکست دی گئی ہے اور وہ مزید کمزور ہوگا، اس وقت اتحاد کا وقت ہے، بھارت چھپ کر پراکسی وار لڑ رہا ہے، اگر روایتی جنگ مسلط کی گئی تو پاکستان پہلے سے دس گنا زیادہ جواب دے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے خلاف اپنی زمین استعمال کرنے والے کسی بھی ملک کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔سینٹر واوڈا نے کہا کہ کہ اسلام آباد میں دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے جس کے بعد دہشت گردی کے خلاف واضح اور جامع حکمت عملی اپنانا ناگزیر ہو چکا ہے، آپریشن سندور 2 شروع ہو چکا ہے جو بھارت کی پراکسی جنگ کا حصہ ہے۔سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنا ایونٹ منسوخ کیا اور پنجاب حکومت نے ایک دن کا سوگ منایا تاہم توقع تھی کہ پی ٹی آئی بھی احتجاج کی کال واپس لے گی۔ان کا کہنا تھا کہ ہ مذاکرات ہی واحد راستہ ہیں اور اسی سے معاملات بہتر ہوں گے، تاہم فی الوقت مذاکرات نہیں بلکہ مذاق ہو رہا ہے کیونکہ کوئی بھی سنجیدہ نہیں۔فیصل واوڈا نے مولانا فضل الرحمان سے متعلق کہا کہ وہ پاکستانی ہیں اور ان سے مشاورت کی جانی چاہیے، اگر درست طریقہ کار اپنایا جائے تو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات بھی ممکن ہو سکتی ہے۔