سپریم کورٹ کے حکم پر 3 گھنٹے ملاقات‘بانی پی ٹی آئی کی صحت بالکل ٹھیک ہے بیرسٹر سلمان صفدر

عدالتی حکم کے مطابق عمران خان تک مکمل رسائی دی گئی، رپورٹ سپریم کورٹ میں داخل کرانے تک مناسب نہیں کچھ کہوں :ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو
 سلمان صفدر جیل جا کر بانی پی ٹی آئی کی حالتِ زار اور  دستیاب سہولتوں کے حوالے سے تفصیلی تحریری رپورٹ پیش کریں:سپریم کورٹ سماعت 12 فروری تک ملتوی 
اسلام آباد(آئی این پی)سپریم کورٹ کی جانب سے فرینڈ آف دی کورٹ مقرر کیے جانے والے بانی پی ٹی آئی کے وکیل ایڈوکیٹ سلمان صفدر نے عمران خان سے ملاقات کرلی۔سپریم کورٹ کے حکم پر عمران خان سے ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر  سلمان نے میڈیا سے مختصر گفتگو کی۔انہوں نے کہا کہ عدالتی حکم کے مطابق خان صاحب تک مکمل رسائی دی گئی، پورٹ سپریم کورٹ میں داخل کرانے تک مناسب نہیں کچھ کہوں  گا۔انہوں نے کہا کہ دیکھ لیں تین گھنٹے کے بعد باہر آیا ہوں۔ سلمان صفدر نے کہا کہ خان صاحب کی صحت ٹھیک ہے۔اس سے قبل سپریم کورٹ نے ایڈووکیٹ سلمان صفدر کو فرینڈ آف دی کورٹ مقرر کرتے ہوئے عمران خان کی جیل میں حالت سے متعلق رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔۔چیف جسٹس یحیی آفریدی کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی، عدالت نے حکم دیا کہ سلمان صفدر جیل جا کر بانی پی ٹی آئی کی حالتِ زار اور انہیں دستیاب سہولیات کے حوالے سے تفصیلی تحریری رپورٹ پیش کریں۔چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل کو ہدایت کی کہ ملاقات میں سلمان صفدر کو کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہیں آنی چاہیے۔انہوں نے سلمان صفدر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی قسم کا مسئلہ ہو تو وہ براہِ راست عدالت سے رابطہ کر سکتے ہیں، عدالت نے سپرنٹنڈنٹ جیل سے بھی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے متعلق رپورٹ طلب کر لی۔