بانی پی ٹی آئی کی دائیں آنکھ کی بینائی صرف 15 فیصد رہ گئی بیرسٹر سلمان صفدر کی رپورٹ

 بانی پی ٹی آئی نے بتایا  تین ماہ سے آنکھ کی بیماری کو سنجیدہ نہیں لیا گیا‘ اکتوبر 2025 تک دونوں آنکھوں کی بینائی 6/6 نارمل تھی، اس کے بعد  سے مسلسل دھند سی نظر آنے لگی
بار بار اُس وقت کے جیل سپرنٹنڈنٹ کو اطلاع دی،پمز  ہسپتال کے ماہرِ چشم ڈاکٹر محمد عارف کو معائنہ کرنے کیلئے  بلایا گیاتو  آنکھ میں خون کے لوتھڑے  کی تشخیص ہوئی 
ملاقات کے دوران بانی کی آنکھوں سے پانی بہہ رہا تھا جسے وہ بار بار صاف کر رہے تھے،  دو سال سے دانتوں کا معائنہ  نہیں کرایا گیا، سیل میں موجود ٹی وی فعال نہیں :رپورٹ
اسلام آباد (آن لائن) بانی پی ٹی آئی  عمران خان کی صحت پر رپورٹ میں ہوشربا انکشافات سامنے آئے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیاہے کہ بانی پی ٹی آئی نے عدالتی معاون سے ملاقات میں آنکھ کے معاملے پر پریشانی کا اظہار کیا، بانی پی ٹی آئی نے بتایا  تین ماہ سے ان کی آنکھ کی بیماری کو سنجیدہ نہیں لیا گیا،۔بانی نے بتایا کہ اکتوبر 2025 تک، دونوں آنکھوں کی بینائی 6/6 نارمل تھی، اس کے بعد اسے مسلسل دھندلاہٹ اور دھند سی نظر آنے کی شکایت ہونے لگی، بانی پی ٹی آئی کے مطابق بار بار اُس وقت کے جیل سپرنٹنڈنٹ کو اطلاع دی، بانی کے مطابق جیل حکام کی جانب سے ان شکایات کے ازالے کے لیے کوئی کارروائی نہیں کی گئی، بانی پی ٹی آئی کو اپنی دائیں آنکھ کی بینائی اچانک اور مکمل طور پر ختم ہونے کا سامنا کرنا پڑا،پمز  اسپتال کے ماہرِ چشم ڈاکٹر محمد عارف کو معائنہ کرنے کے لیے بلایا گیا، بانی کی آنکھ میں خون کے لوتھڑے (بلڈ کلاٹ) کی تشخیص ہوئی جس کے باعث شدید نقصان ہوا،بانی نے بتایا کہ علاج کے باوجود اس کی دائیں آنکھ کی بینائی صرف 15 فیصد رہ گئی ہے، بانی پی ٹی آئی کی آنکھوں سے پانی بہ رہا تھا جسے وہ بار بار صاف کر رہے تھے، بانی نے بتایا کہ دو سال سے دانتوں کا معائنہ بھی نہیں کرایا گیا، بانی پی ٹی آئی نے بتایا کہ انکی عمر کے مطابق باقاعدگی سے بلڈ ٹیسٹ نہیں کرائے جا رہے، بانی پی ٹی آئی کے سیل میں موجود ٹی وی فعال نہیں ہے، فعال ٹی وی کی عدم موجودگی میں کتابوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، کتابوں کی فراہمی سے کوئی سکیورٹی خدشہ پیدا نہیں ہوگا، بانی پی ٹی آئی کو وکلاء سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جاتی، وکلاء سے ملاقات کے بغیر شفاف ٹرائل کا بنیادی حق متاثر ہورہا ہے،عدالت وکلاء سے ملاقات کے معاملے پر مداخلت کرے، بانی پی ٹی آئی کی اہلخانہ کیساتھ بلاتعطل ملاقاتیں کرائی جائیں،  بانی پی ٹی آئی کے سیل سے مچھروں اور حشرات کے خاتمے کیلئے اقدامات کیے جائیں، بانی پی ٹی آئی کے سیل میں ریفریجریٹر جیسی بنیادی ضرورت بھی فراہم کی جائے۔