ایک اور اہم ملاقات تمام معاملات کا ملکر حل نکالیں گے صدر‘وزیراعظم کا اتفاق
آصف علی زرداری اور شہباز شریف کی ملاقات میں محسن نقوی بھی شریک ہوئے‘ پچھلی آئینی ترامیم تمام اتحادی جماعتوں کی مشاورت سے کی گئیں، تمام معاملات پر مل کر بیٹھیں گے‘ مشاورت سے حل نکالا جائیگا:اعلامیہ ایوان صدر
سیاسی اور عسکری قیادت کی شراکت داری معاشی ترقی کے لئے اہم ہے،سرمایہ کاروں کے مسائل کے فوری حل کے لئے مو ثر نظام وضع کیا جائے گا:وزیراعظم کا امریکن بزنس کونسل سے خطاب
پاکستان اور قطر کے درمیان تجارت ، زراعت، لائیو اسٹاک، انفارمیشن ٹیکنالوجی، اور کان کنی و معدنیات کے شعبوں میںتعاون بڑھایا جا سکتا ہے: قطر کے وزیر داخلہ سے ملاقات میں گفتگو‘آسیان کے سیکرٹری جنرل سے بھی ملاقات
اسلام آباد( آن لائن‘آئی این پی ) وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال سمیت اہم قومی اور علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ایوان صدر سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال بھی زیرِ بحث آئی جبکہ تمام معاملات کو بات چیت اور باہمی مشاورت کے ذریعے حل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات کے دوران موجودہ سیاسی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا گیا کہ تمام معاملات کا حل مذاکرات کے ذریعے نکالا جائے گا اور قومی امور پر تمام متعلقہ فریق مل بیٹھ کر مشاورت سے پیش رفت کریں گے۔ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ تمام معاملات پر مل کر بیٹھا جائے گا اور باہمی مشاورت کے ذریعے ان کا حل تلاش کیا جائے گا۔اس موقع پر گزشتہ آئینی ترامیم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ یہ ترامیم تمام اتحادی جماعتوں کی باہمی مشاورت سے کی گئی تھیں، آئندہ بھی اہم معاملات پر اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا۔دریں اثناء امریکن بزنس کونسل سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا پاکستان خطے میں امن کے لئے مسلسل کو ششیں جاری رکھے ہوے ہے ، خطے میں امن کی بحالی سے ملک ترقی کی نئی بلندیوں کو چھو سکتا ہے ۔ سیاسی اور عسکری قیادت کی شراکت داری معاشی ترقی کے لئے اہم ہے ۔ سرمایہ کاروں کے مسائل کے فوری حل کے لئے مو ثر نظام وضع کیا جائے گا‘ پاکستان کے معاشی مفادات میں امریکی سرمایہ کاروں کا کردار اہم ہے ۔ امریکی سرمایہ کاروںنے صنعت زراعت اور آئی ٹی کے شعبوں میں پاکستان کا ساتھ دیا ۔ پاکستان پر اعتماد کرنے اور سرمایہ کاری برقرار رکھنے پر امریکی سرمایہ کاروں کے مشکور ہیں ۔ انہوں نے بیرونی سرمایہ کاروں کو ملک میں سرمایہ کاری کے لئے راغب کرنے کے لئے کہا سرمایہ کاروں کے مسائل کے فوری حل کے لئے مو ثر نظام وضع کیا جائے گا ۔ اس بات سے بخوبی آگاہ ہوں کہ دفتری پیچید گیاں سرمایہ کاروں کی حوصلہ شکنی کا باعث بنتی ہیں ۔ سرمایہ کاروں کی جائز شکایات کا ازالہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ تمام شعبوں میں شفافیت یقینی بنانے کے لئے پر عزم ہیں ۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پی ایم او ایس کے تحت وزارت قومی غذائی تحفظ کی کارکردگی پر جائزہ اجلاس ہوا۔اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پی ایم او ایس کی شکل میں وفاقی وزارتوں، ڈویژنز اور اداروں کی کارکردگی جانچنے کے حوالے سے ایک انتہائی مؤثر نظام تشکیل پا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سسٹم کے تحت دیے گئے اہداف اور ٹائم لائنز میں کسی قسم کی کوئی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعظم نے پی ایم او ایس کو مزید بہتر اور کارگر بنانے اور اس حوالے سے متعلقہ اداروں کے درمیان ہم آہنگی اور رابط بڑھانے کی ہدایت بھی کی۔وزیراعظم نے کہا کہ ملکی معیشت کی مضبوطی اور زرعی شعبے کی پائیدار ترقی میں جدید تحقیق کو بنیادی اور کلیدی حیثیت حاصل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت زراعت کے شعبے میں تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن سرپرستی اور بھرپور مالی معاونت فراہم کرے گی، تاکہ جدید طریقوں سے فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیا جا سکے؛اس کے ساتھ ساتھ، کاشتکاری کی لاگت میں کمی اور فی ایکڑ پیداوار میں خاطر خواہ اضافے کے لیے جدید زرعی مشینری کا استعمال ناگزیر ہے‘۔وزیراعظم شہباز شریف سے آسیان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر کاؤ کم ہورن نے ملاقات کی‘اس موقع پر محمد شہباز شریف نے پاکستان اور جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم آسیان کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مضبوط اقتصادی اور ترقیاتی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی روابط کے فروغ کو مشترکہ ترجیحات قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کا جغرافیائی محل وقوع اسے وسطی ایشیا، مشرق وسطیٰ اور مغربی ایشیا کے درمیان ایک اہم تجارتی راستہ اور وسیع تر خطے کے لیے دروازہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے‘زیراعظم محمد شہباز شریف سے قطر کے وزیر داخلہ اور کمانڈر انٹرنل سیکیورٹی فورس (لخویا)، شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ الثانی نے جمعرات کو اسلام آباد میں وفد کے ہمراہ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے قطر کے معزز مہمان کا پاکستان کے پہلے دورے پر پرتپاک خیرمقدم کیا اور پاکستان اور قطر کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا۔ ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان -قطر اقتصادی تعاون کو مزید بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں اور کہا کہ خاص طور پر تجارت و سرمایہ کاری، زراعت، لائیو اسٹاک، انفارمیشن ٹیکنالوجی، اور کان کنی و معدنیات کے شعبوں میں شامل موجود تعاون کو مزید بڑھایا جا سکتا ہے ۔