شرجیل میمن کا فاروق ستار کے الزامات پر سخت ردعمل

شرجیل میمن کا فاروق ستار کے الزامات پر سخت ردعمل

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں "سیاست کے بڑے شعبدہ باز" قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فاروق ستار اور ایم کیو ایم اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے سندھ حکومت پر بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں۔ شرجیل میمن نے مزید کہا کہ کراچی اور حیدرآباد کے بلدیاتی اداروں کے مسائل کی اصل وجہ ماضی میں ایم کیو ایم کی ناقص حکمرانی اور کرپشن ہے، جس کے باعث یہ ادارے مالی اور انتظامی تباہی کا شکار ہوئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سندھ حکومت نے پچھلے پانچ سالوں میں 160 ارب روپے سے زائد کے بقایاجات اور پنشن کی مد میں ادائیگیاں کی ہیں، جبکہ بلدیاتی ادارے خودمختار ہیں اور اپنے مالی معاملات کے خود ذمہ دار ہیں۔ شرجیل میمن نے ایم کیو ایم پر الزام عائد کیا کہ وہ حادثات کو بنیاد بنا کر کراچی میں فسادات کو ہوا دینے کی کوشش کر رہی ہے، اور ہمیشہ دوسروں کی میتوں کو اپنی سیاست کے لیے استعمال کرتی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کسی بھی وائٹ پیپر سے خوفزدہ نہیں ہے اور ایم کیو ایم کی سابقہ حکومت کی مالی بدعنوانیوں کو عوام کے سامنے لایا جائے گا۔