کراچی کے 25 ٹاؤنز کا ریٹائرڈ ملازمین کو تسلیم کرنے سے انکار: فاروق ستار

کراچی کے 25 ٹاؤنز کا ریٹائرڈ ملازمین کو تسلیم کرنے سے انکار: فاروق ستار

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کراچی کے 25 ٹاؤنز کی جانب سے ریٹائرڈ ملازمین کو تسلیم نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

بہادر آباد میں ایم کیو ایم کے مرکز پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کے ساتھ استحصال ہو رہا ہے، جس میں وفاقی حکومت بھی قصوروار ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ 2016 کے بعد بلدیاتی اداروں کی ذمہ داریاں ایم کیو ایم سے لے کر جاگیرداروں کو سونپ دی گئیں، اور سندھ میں 16 سال سے بدترین بدعنوان حکمرانی جاری ہے۔ فاروق ستار نے اعلان کیا کہ رمضان کے بعد اس بدعنوانی کے خلاف وائٹ پیپر شائع کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات 2017 سے ادا نہیں کیے گئے، جو 18ویں ترمیم کے بعد صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ شہری اداروں کے ملازمین کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیوں کیا جا رہا ہے اور مطالبہ کیا کہ ریٹائرمنٹ فنڈز کی ممکنہ خرد برد کی تحقیقات ہونی چاہییں۔ فاروق ستار نے یہ بھی کہا کہ سندھ کے دیگر اضلاع کے افراد جعلی ڈومیسائل کے ذریعے کراچی میں ملازمتیں حاصل کر رہے ہیں، جو مقامی افراد کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے۔