کراچی:وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی کے میڈیکل کالجز میں دہرے ڈومیسائل پر داخلوں کے معاملے کی تحقیقات جاری ہیں، اور غلطی کرنے والوں کو سزا دی جائے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ حالیہ دنوں میں کراچی کے میڈیکل کالجز میں دہرے ڈومیسائل رکھنے والے طلبہ کے داخلوں سے متعلق خبریں سامنے آئیں، جس پر حکومت نے نوٹس لیا ہے اور تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اس معاملے میں جو بھی قصوروار پایا گیا، اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔وزیراعلیٰ سندھ نے وفاقی حکومت سے مالی امور پر شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ "ایف بی آر کی کلیکشن پر میری ایک آبزرویشن ہے۔ گزشتہ سال کی وصول شدہ رقم 80 ارب روپے سے زائد تھی، جو ہمیں اس سال بھی ملنی چاہیے تھی، لیکن ہماری شکایت یہ ہے کہ جو رقم وقت پر جمع ہوتی ہے، اسے بروقت منتقل نہیں کیا جاتا۔"انہوں نے کہا کہ صوبے کو درپیش مالی مشکلات کے حل کے لیے وفاقی حکومت سے گزارش ہے کہ سندھ کا حصہ بروقت منتقل کیا جائے تاکہ ترقیاتی منصوبے اور دیگر عوامی فلاح کے کام متاثر نہ ہوں۔واضح رہے کہ کراچی کے میڈیکل کالجز میں دہرے ڈومیسائل پر داخلوں کے معاملے پر حالیہ دنوں میں شدید ردعمل سامنے آیا تھا، اور اس حوالے سے تحقیقات کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔