کراچی کے علاقے بلدیہ لکی چڑھائی کے قریب ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں مسافر کوچ نے موٹر سائیکل سوار فیملی کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں حاملہ خاتون جاں بحق جبکہ اس کی 8 سالہ بیٹی زخمی ہوگئی۔ حادثے میں خاتون کا شوہر معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔
حادثے کی تفصیلات
ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعہ جامعہ فاروقیہ مدرسے کے قریب پیش آیا۔ مسافر کوچ نے تیز رفتاری کے باعث موٹر سائیکل کو ٹکر ماری، جس سے ماں اور بیٹی شدید زخمی ہو گئیں۔ دونوں کو فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم دوران علاج 30 سالہ عائشہ زوجہ فقیر محمد دم توڑ گئیں، جبکہ 8 سالہ مریم دختر فقیر محمد زخمی حالت میں زیر علاج ہے۔
پولیس کارروائی
پولیس نے ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد جاں بحق خاتون کی لاش تدفین کے لیے ورثا کے حوالے کر دی۔
متاثرہ خاندان کا مؤقف
حادثے میں محفوظ رہنے والے فقیر محمد کے بھائی فاروق نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ فقیر محمد اپنی بیوی اور بیٹی کے ہمراہ سسرال سے گھر واپس آرہا تھا کہ تیز رفتار کوچ نے انہیں ٹکر مار دی۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی بھابھی حاملہ تھیں اور ان کے دو بچے ہیں۔
حکومت سے مطالبہ
فاروق نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کراچی میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات کو روکنے کے لیے ہیوی ٹریفک پر فوری پابندی عائد کی جائے اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔