کندھ کوٹ میں مسافر کوچ الٹ گئی، 6 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

کندھ کوٹ میں مسافر کوچ الٹ گئی، 6 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

کندھ کوٹ: انڈس ہائی وے پر تیز رفتار مسافر کوچ حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ کندھ کوٹ کے سوکر موڑ کے قریب پیش آیا، جہاں تیز رفتار مسافر کوچ بے قابو ہوکر الٹ گئی۔ حادثے کے بعد امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو تعلقہ اسپتال تنگوانی اور تعلقہ اسپتال ٹھل منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ شدید زخمیوں کو مزید طبی امداد کے لیے سکھر منتقل کرنے کے انتظامات کیے جارہے ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کندھ کوٹ میں مسافر کوچ الٹنے کے حادثے میں جانی نقصان پر گہرے رنج و افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے زخمیوں کو فوری طور پر بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔سید مراد علی شاہ نے پسماندگان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے صبر و جمیل کی دعا کی، جبکہ زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے بھی دعا کی۔