ایم نائن موٹر وے پر نوری آباد کے قریب ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جس میں ایک مسافر کوچ اور ٹرالر کے درمیان تصادم ہو گیا۔
مسافر کوچ پشاور سے کراچی آ رہی تھی اور حادثہ اس وقت پیش آیا جب کوچ نے اوور ٹیک کرنے کی کوشش کی۔ اس دوران کوچ ٹرالر سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں ایک مسافر جاں بحق اور 12 افراد زخمی ہو گئے۔جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 60 سالہ مشتاق حسین شاہ کے طور پر ہوئی ہے، جو پشاور کے رہائشی تھے۔ زخمیوں میں مختلف افراد شامل ہیں، جن میں صادق خان، ارم بی بی، علی رضا، گل ولی، خان محمد، عرفان علی، بلقیس، تاج بی بی، ثمینہ بی بی اور سید عبدالرحیم بھی شامل ہیں۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی موجود ہیں۔
حادثے کے فوراً بعد نوری آباد پولیس نے موقع پر پہنچ کر جاں بحق مسافر کی لاش اور زخمیوں کو ایل ایم یو اسپتال جامشورو منتقل کر دیا۔ پولیس نے مسافر کوچ کو تحویل میں لے کر تھانے منتقل کیا جبکہ ٹرالر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔پولیس نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ٹرالر کے ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔ حادثے کی وجہ سے ایم نائن موٹر وے پر ٹریفک کا دباؤ بڑھ گیا تھا، لیکن انتظامیہ نے فوری طور پر ٹریفک کو بحال کر دیا۔