کراچی: بے قابو ٹرک کی ٹکر سے رکشہ مسافر جاں بحق، ڈرائیور زخمی

کراچی: بے قابو ٹرک کی ٹکر سے رکشہ مسافر جاں بحق، ڈرائیور زخمی

کراچی کے جمشید کوارٹر تھانے کی حدود میں سینٹرل جیل کے قریب ایک ہولناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جس میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ رکشہ ڈرائیور زخمی ہوگیا۔

 حادثہ اس وقت پیش آیا جب تیز رفتار ٹرک نے رکشے کو ٹکر مار دی۔مقامی پولیس کے مطابق یہ حادثہ جیل روڈ پر پیش آیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ٹرک کا بریک فیل ہونے کی وجہ سے رکشہ تیز رفتار ٹرک کی زد میں آگیا۔ رکشے میں سوار 45 سالہ شیخ سہیل ولد شیخ جمیل احمد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ رکشہ ڈرائیور کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی شناخت شیخ سہیل کے طور پر کی گئی۔ پولیس نے ٹرک کو قبضے میں لے لیا اور ڈرائیور کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق مزید تحقیقات جاری ہیں اور یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ حادثے کی درست وجوہات کیا تھیں۔جاں بحق ہونے والے شخص کے بارے میں مزید معلومات حاصل نہیں ہو سکیں اور پولیس اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ اس کا تعلق کہاں سے تھا۔