خیرپور: مسافر کوچ میں اچانک آگ، متعدد مسافر زخمی

خیرپور: مسافر کوچ میں اچانک آگ، متعدد مسافر زخمی

خیرپور میں ٹنڈو مستی قومی شاہراہ پر ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک مسافر کوچ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں 8 سے زائد مسافر زخمی ہوگئے۔

موٹر وے پولیس کے مطابق یہ کوچ کراچی سے پنجاب جا رہی تھی کہ دورانِ سفر اس کے انجن میں اچانک آگ لگ گئی۔ آگ نے تیزی سے گاڑی کے پچھلے حصے کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس سے مسافروں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔عینی شاہدین کے مطابق آگ لگتے ہی کوچ میں بھگدڑ مچ گئی، اور مسافر اپنی جان بچانے کے لیے دروازوں اور کھڑکیوں کی طرف دوڑ پڑے۔ اس دوران مقامی افراد نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر دروازہ توڑا اور کئی مسافروں کو باہر نکالنے میں مدد کی۔ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا، جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد دی جا رہی ہے۔ زخمیوں کی حالت کے بارے میں مزید تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔

مسافروں کے مطابق آگ اچانک انجن کے پچھلے حصے میں لگی اور چند ہی لمحوں میں پھیل گئی۔ واقعے کے بعد ڈرائیور اور کنڈکٹر موقع سے فرار ہوگئے، جس پر مسافروں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ آگ لگنے کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔ ابتدائی طور پر امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ حادثہ تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا۔