وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خواتین اور لڑکیوں کے عالمی دن برائے سائنس پر ایک خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ ترقی کے لئے اپنی بیٹیوں کو جدید علوم اور آئی ٹی کی مہارتوں سے آراستہ کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی میں خواتین کا کردار صرف ضروری نہیں، بلکہ یہ ناگزیر ہے، اور اس کے ذریعے معاشرتی اور اقتصادی ترقی کو ممکن بنایا جا سکتا ہے۔مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ پنجاب حکومت خواتین اور لڑکیوں کو سائنسی و تکنیکی میدان میں آگے لانے کے لئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ ہونہار سکالرشپ پروگرام کے ذریعے ہزاروں طالبات کو سائنسی شعبوں میں مکمل ٹیوشن فیس فراہم کی جا رہی ہے، تاکہ مالی وسائل کی کمی کی وجہ سے کسی بھی بیٹی کا خواب ادھورا نہ رہ جائے۔انہوں نے لیپ ٹاپ سکیم کو طالبات کی جدید علوم اور ٹیکنالوجی تک رسائی کا اہم ذریعہ قرار دیا اور کہا کہ اس سکیم کے تحت طالبات اپنی تعلیمی اور پیشہ ورانہ مہارتوں کو مزید نکھار سکتی ہیں۔ ایڈوانس آئی ٹی ٹریننگ پروگرامز کے ذریعے خواتین عالمی ڈیجیٹل مارکیٹ میں نمایاں مقام حاصل کر رہی ہیں۔
علاوہ ازیں، لاہور میں طالبات اور عوام کے لیے مفت وائی فائی پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے تاکہ وہ جدید ترین علوم تک آسانی سے رسائی حاصل کر سکیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کا دارومدار خواتین کی ترقی پر ہے اور حکومت اپنی بیٹیوں کو ہر وہ سہولت فراہم کرے گی جو انہیں سائنس، ٹیکنالوجی اور آئی ٹی کے میدان میں عالمی معیار کے مطابق آگے بڑھنے میں مدد دے سکے۔