ورلڈ یوتھ اسکلز ڈے: نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنا ترجیح ہے، مریم نواز

ورلڈ یوتھ اسکلز ڈے: نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنا ترجیح ہے، مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ورلڈ یوتھ اسکلز ڈے کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی، آئی ٹی اور پیشہ ورانہ مہارتوں سے آراستہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور انہیں روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان فری لانسنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیکنیکل ٹریڈز میں مہارت حاصل کریں تاکہ جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو سکیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کے لیے پنجاب حکومت نے خطیر فنڈز مختص کیے ہیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھار سکیں۔مریم نواز کے مطابق آسان کاروبار سکیم کے تحت ایک لاکھ 8 ہزار سے زائد افراد کو قرضے فراہم کیے جا چکے ہیں، جبکہ اس منصوبے کے ذریعے نوجوانوں کو 10 لاکھ سے 3 کروڑ روپے تک کے قرضے دیے جا رہے ہیں تاکہ وہ اپنا کاروبار شروع کر سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایگریکلچر انٹرن شپ پروگرام کے تحت 2 ہزار نوجوانوں کو ماہانہ 60 ہزار روپے وظیفہ دیا جا رہا ہے، جس کا مقصد انہیں زرعی شعبے میں عملی تجربہ اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ صوبے میں پہلی بار نصاب میں ای کامرس اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ جیسے جدید کورسز شامل کیے گئے ہیں تاکہ طلبہ اور نوجوان عالمی مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق مہارتیں حاصل کر سکیں۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پنجاب حکومت نوجوانوں کی ہنرمندی، ترقی اور معاشی خودمختاری کے لیے مزید اقدامات جاری رکھے گی۔