وزیراعظم شہباز شریف نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانا پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کے لیے نہایت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین معاشرتی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور وہ پاکستان کے روشن مستقبل کی معمار ہیں۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ خواتین کا کردار ہمارے معاشرے کے مختلف پہلوؤں میں اہم ہے، چاہے وہ تعلیم ہو، کھیل یا دیگر شعبے ہوں، خواتین نے ہر میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ اس سال خواتین کے عالمی دن کا تھیم ’’تمام خواتین اور لڑکیوں کے لیے: حقوق، مساوات اور انہیں بااختیار بنانا‘‘، ایک عزم کا اعادہ ہے، جو ہمارے معاشرتی ذمہ داریوں کو یاد دلاتا ہے کہ ہم ایک ایسا معاشرہ بنائیں جس میں خواتین کا اہم کردار ہو۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کا مذہب اسلام خواتین کے حقوق کی حفاظت اور ان کی عزت کو بہت اہمیت دیتا ہے۔
حکومت نے خواتین کے حقوق کو آگے بڑھانے کے لیے مختلف اقدامات کیے ہیں، جن میں قانونی اصلاحات اور ادارہ جاتی تعاون شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حقیقی صنفی مساوات کے سفر کا ابھی آغاز ہے اور جب ہم خواتین کی تعلیم، صحت اور معاشی آزادی میں سرمایہ کاری کرتے ہیں تو ہم نہ صرف ان افراد بلکہ آنے والی نسلوں کو ترقی دیتے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں آج کے دن یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم خواتین کے حقوق کے احترام کو مزید آگے بڑھائیں اور ایک ایسا پاکستان بنائیں جہاں ہر عورت کی صلاحیتوں کا پورا ادراک ہو اور ہر بیٹی کا خواب حقیقت بن سکے۔