اداکار فیروز خان کی ایک پریس کانفرنس میں تاخیر پر خاتون صحافی عنبرین فاطمہ کے ساتھ تلخ کلامی کا واقعہ خبروں کی زینت بن گیا۔
لاہور میں ایک باکسنگ ایونٹ کی پریس کانفرنس میں تاخیر سے پہنچنے پر صحافیوں نے انہیں غیر پیشہ ورانہ رویے پر تنقید کا نشانہ بنایا، جس پر فیروز خان کا کہنا تھا کہ میڈیا اسٹار نہیں بناتا، بلکہ میڈیا گزشتہ تین سال سے ان کے خلاف ہے۔اس واقعے کے بعد ان کی بہن، اداکارہ حمائمہ ملک، فیروز کے حق میں بول پڑیں۔ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ اسٹارز میڈیا نہیں، بلکہ ان کے فینز بناتے ہیں۔ انہوں نے ایک پول بھی شیئر کیا، جس میں 91 فیصد لوگوں نے ان کی رائے سے اتفاق کیا۔
یاد رہے کہ خاتون صحافی نے فیروز خان کی تاخیر پر کھلے عام اعتراض کرتے ہوئے کہا تھا کہ صحافیوں کو وقت کی سختی سے پابندی کرنے کو کہا گیا، مگر فیروز خان ڈھائی گھنٹے تاخیر سے آئے، جس پر فیروز خان نے جواب دیا کہ وہ "گرم پانی نہ آنے" کی وجہ سے لیٹ ہوئے۔ اس بیان پر مزید تنقید کی گئی، جبکہ حمائمہ ملک نے بھائی کا دفاع کرتے ہوئے میڈیا کے کردار پر سوالات اٹھائے۔