فیروز خان کی پریس کانفرنس میں تاخیر، خاتون صحافی سے تلخ کلامی کی ویڈیو وائرل

فیروز خان کی پریس کانفرنس میں تاخیر، خاتون صحافی سے تلخ کلامی کی ویڈیو وائرل

اداکار فیروز خان کی لاہور میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں تاخیر سے آمد پر ان کی اور خاتون صحافی عنبرین فاطمہ کے درمیان تلخ کلامی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

یہ پریس کانفرنس یوٹیوبر راحم پردیسی کے ساتھ ہونے والے باکسنگ میچ کے حوالے سے منعقد کی گئی تھی۔پریس کانفرنس میں موجود صحافیوں کو سہ پہر 3 بجے پہنچنے کی تاکید کی گئی تھی، اور سب وقت پر موجود تھے، مگر فیروز خان ڈھائی گھنٹے تاخیر سے پہنچے۔ اس پر خاتون صحافی نے ان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کی سپورٹ سے ہی فنکار اسٹار بنتے ہیں، اور اتنی تاخیر غیر مناسب ہے۔

جواب میں فیروز خان نے کہا کہ میڈیا اسٹار بناتا ہے؟ میڈیا تو پچھلے تین سال سے میرے پیچھے پڑا ہے۔ تاخیر کی وجہ بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کے گھر میں گرم پانی نہیں آ رہا تھا۔ اس پر خاتون صحافی نے اس جواز کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی مذاق نہیں، اور کسی کو اتنی دیر انتظار کروانا غیر مناسب ہے۔سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے فیروز خان کے اس غیر پیشہ ورانہ رویے پر شدید تنقید کی جا رہی ہے، اور بعض نے انہیں مغرور قرار دیتے ہوئے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔