فیروز خان کے انسٹاگرام پر متنازع اسٹوری، مداحوں میں تشویش

فیروز خان کے انسٹاگرام پر متنازع اسٹوری، مداحوں میں تشویش

ویب ڈیسک: معروف اداکار فیروز خان سوشل میڈیا پر تنازع کا شکار ہو گئے، جب گزشتہ شب ان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے ایک متنازع اسٹوری شیئر کی گئی۔

 اس اسٹوری میں ان کی دوسری اہلیہ ڈاکٹر زینب کو ٹیگ کرتے ہوئے کچھ سنگین الزامات عائد کیے گئے، جن میں دعویٰ کیا گیا کہ انہیں اس رشتے میں زبردستی اور بلیک میلنگ کے ذریعے لایا گیا، اور ان کی والدہ و بہن کے ساتھ ظلم ہوا، جس کے بعد یہ رشتہ ان کے لیے ختم ہو گیا۔فیروز خان نے اسٹوری میں کہا کہ انہیں دھمکایا جا رہا ہے کہ اپنی والدہ اور بچوں کا ساتھ نہ دیں تو ان پر غلط الزامات لگائے جائیں گے، اور انہوں نے اپنی اہلیہ کو ٹیگ کرتے ہوئے کہا کہ "گھر واپس مت آنا۔" انہوں نے مزید لکھا کہ یہ سب اس لیے شیئر کیا جا رہا ہے تاکہ لوگ مدد کی اہمیت کو سمجھیں اور ان پر اعتماد رکھیں۔اسٹوری میں فیروز خان نے اپنے کیریئر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے متعدد پراجیکٹس کیے، کبھی کسی کو ناراض نہیں کیا اور ہمیشہ مہذب رہنے کی کوشش کی، لیکن انہیں اندر سے یہ محسوس ہوتا ہے کہ کوئی انہیں اپنے ہی لوگوں کی نظر میں برا دکھا رہا ہے اور نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے۔

 انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ نفسیاتی ڈاکٹروں سے علاج کروا رہے ہیں اور دوائیاں لے رہے ہیں، لیکن مسئلہ ان کے ذہنی سکون کو متاثر کر رہا ہے۔اس واقعے نے مداحوں کو حیران کر دیا اور سوشل میڈیا پر قیاس آرائیوں کا سلسلہ شروع ہو گیا، جہاں صارفین نے فیروز خان کی ازدواجی زندگی سے متعلق مختلف آراء اور خدشات کا اظہار کیا۔ چند گھنٹوں بعد، فیروز خان نے وضاحت کی کہ ان کا انسٹاگرام اکاؤنٹ ہیک ہو گیا تھا اور مذکورہ پوسٹ ان کی مرضی یا علم کے بغیر شیئر کی گئی۔تاہم، اس وضاحت کے باوجود سوشل میڈیا پر بحث جاری ہے اور مداح یہ جاننے کے لیے بےچین ہیں کہ آیا یہ واقعی ہیکنگ کا واقعہ تھا یا کسی ذاتی مسئلے کی جھلک تھی۔