لیبیا میں65پاکستانیوں کو لے جانے والی کشتی الٹ گئی

 کشتی لیبیا میں مرسا ڈیلا کی بندرگاہ کے قریب الٹی‘ متاثرہ پاکستانیوں کی تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں:ترجمان دفترخارجہ
طرابلس، اسلام آباد(آئی این پی ) لیبیا میں پاکستانی شہریوں کو لے جانے والی ایک اور کشتی حادثے کا شکار ہو گئی۔ترجمان دفتر خارجہ نے لیبیا میں ایک اور کشتی حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ طرابلس میں ہمارے سفارت خانے کے مطابق   لیبیاکے ساحل کے قریب پاکستانی شہریوں کو لے جانے والی کشتی حادثے کا شکار ہوئی ہے۔  پاکستانی سفارتخانے کے مطابق 65 مسافروں کو لے جانے والی کشتی  شہر زاوِیہ کے شمال مغرب میں واقع مرسا ڈیلا کی بندرگاہ کے قریب الٹ گئی  ۔  ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ طرابلس میں پاکستانی سفارتخانے کی ٹیم زاویہ اسپتال روانہ کر دی گئی ہے، پاکستانی سفارتخانے کی ٹیم مقامی حکام کی معاونت کرے گی۔وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے کرائسز مینجمنٹ یونٹ متحرک کر دیا گیا ہے اور کشتی حادثے میں متاثرہ پاکستانیوں کی تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں۔