لاہور(کرائم رپورٹر) سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ کی زیر ِصدارت کیپٹل سٹی پولیس ہیڈ کوارٹرز میں ماڈل ٹاؤن اورکینٹ ڈویڑنز کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں لاء اینڈ آرڈر اور سکیورٹی سمیت اہم امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں کرسمس، نیو ائیر نائٹ اور بسنت کے لئے جامع سکیورٹی پلان پربھی تبادلہ خیال کیا گیا۔سی سی پی او لاہور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان ومال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔انہوں نے موٹر سائیکل چوری کی روک تھام کے لئے مربوط حکمت عملی اختیار کرنے کی ہدایت کی۔بلال صدیق کمیانہ نے ہدایت کی کہ فنانشل کرائم کی ایف آئی آرز کا بلا تاخیراندراج یقینی بنایا جائے اور زیر ِ تفتیش مقدمات کو قانونی تقاضوں کے مطابق نمٹایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مقدمات کے چالان مقررہ ٹائم فریم میں عدالتوں میں جمع کرائے جائیں اور پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے پینڈنسی ختم کی جائے۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ سپروائزری افسران روزانہ کی بنیاد پر زیر ِتفتیش مقدمات کا فالو اپ لیں اور مظلوم کو انصاف کی فراہمی کیلئے پیشہ ورانہ صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔اجلاس میں ڈی آئی جی (ایڈمن)عمران کشور،ڈی آئی جی(انوسٹی گیشن)ذیشان رضا، ڈی آئی جی(آپریشنز)فیصل کامران، ایس ایس پی (انوسٹی گیشن)محمد نوید، ایس ایس پی(آپریشنز)تصور اقبال، ماڈل ٹاؤن اورکینٹ ڈویڑنز کے ایس پیز، اے ایس پیز،سرکل افسران، ایس ایچ اوز اور انچارجز(انوسٹی گیشن)نے شرکت کی۔