حکومت کی اولین ترجیح یہ ہے کہ عوام کو روزگار کے وسیع مواقع فراہم کیے جائیں
اسلام آباد (آئی این پی ) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا ہے کہ حکومت کی اولین ترجیح یہ ہے کہ عوام کو روزگار کے وسیع مواقع فراہم کیے جائیں، کمزور اور پسماندہ علاقوں کو ترقی کے قومی دھارے میں شامل کیا جائے اور وسائل کے بہترین استعمال کو یقینی بنایا جائے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں پارلیمنٹیرین، قبائلی عمائدین، طلبہ، وکلا، کاروباری برادری اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی صورتحال، قانون سازی، معاشی استحکام، روزگار کے مواقع، صوبائی ترقی اور قومی یکجہتی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر ملک میں معاشی استحکام، عوامی ریلیف اور پائیدار ترقی کے لئے مؤثر قانون سازی عمل میں لا رہی ہے۔ انہوں سیدال خان نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل، قدرتی مناظر اور قیمتی معدنی ذخائر سے مالامال ہے۔ بلوچستان، خیبر پختونخوا اور دیگر خطوں میں بے شمار معدنیات موجود ہیں جنہیں شفاف اور جدید طریقوں سے بروئے کار لا کر ملکی معیشت میں نمایاں بہتری لائی جا سکتی ہے۔ اس موقع پر قبائلی عمائدین نے اپنے علاقوں کے مسائل، ترقیاتی ضروریات اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے امکانات سے متعلق تجاویز بھی پیش کیں