مدارس کو قومی دھارے میں لانا ریاست کی ذمہ داری ہے: سپیکر پنجاب اسمبلی

حکومت پنجاب نے تعلیمی بجٹ میں تین گنا اضافہ کیا ہے جو خوش آئند ہے: ملک محمد احمد خان
لاہور (خصوصی رپورٹر) پنجاب یونیورسٹی میں زلمی مدرسہ لیگ پنجاب کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمانِ خصوصی سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان تھے، جبکہ وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات، سیکرٹری داخلہ پنجاب احمد جاوید قاضی، وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد، سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ اور زلمی فاؤنڈیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں عباس زلمی بھی تقریب میں شریک ہوئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ مدارس کے طلبہ و اساتذہ سے مل کر دلی خوشی ہوئی۔ سپیکر نے سوال اٹھایا کہ اگر مدارس کو مین اسٹریم میں لایا جا رہا ہے تو کیا یہ کوئی گناہ ہے؟۔ بدقسمتی سے مدارس نے وہ کردار ادا کیا جو ریاست کو ادا کرنا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ڈھائی کروڑ بچے اسکولوں سے باہر ہیں، حکومت پنجاب نے تعلیمی بجٹ میں تین گنا اضافہ کیا ہے جو خوش آئند ہے۔