وفاقی کابینہ سے 8آئی پی پیز کے ساتھ نئے معاہدوںکی منظوری‘ صارفین کیلئے بجلی سستی‘ خزانے کو 238 بلین کا فائدہ ہو گا‘بریگیڈیر عاصم بشیر وڑائچ کی ممبر پروڈکشن کنٹرول ایچ آئی ٹی تعیناتی کی بھی منظوری

 سول نافرمانی کی کال سب سے بڑی پاکستان دشمنی( بیرونی سرمایہ کاری کیلئے سیاسی استحکام ضروری ہے  

  امن و سکون اور معاشی استحکام پاکستان کی معاشی ترقی اور استحکام کا اہم جزو ہے، اسلام آباد پر چڑھائی کرنے والوں کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا ،اگر کوئی بے گناہ ہے تو اسے کوئی ہاتھ نہیں لگائے گا
 بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے رقوم بھجوائیں، پاکستان دنیا میں اپنا مقام بنائے گا ‘ شام سے پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں، وزیر اعظم کا  کابینہ اجلاس میں اظہار خیال

 اسلام آباد (بیورو رپورٹ‘ایجنسیاں )وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے   امن و سکون اور معاشی استحکام پاکستان کی معاشی ترقی اور استحکام کا اہم جزو ہے، اسلام آباد پر چڑھائی کرنے والوں کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا ،اگر کوئی بے گناہ ہے تو اسے کوئی ہاتھ نہیں لگائے گا، اسی پیمانے پر ہم آگے چلیں گے،   بانی پی ٹی آئی کی سول نافرمانی کی کال سب سے بڑی پاکستان دشمنی ہے اس کے  باوجود ہماری ترسیلات زر بڑھی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کیا ۔وزیر اعظم نے  کہا   ہفتہ وار مہنگائی کی شرح مزید کم ہوکر 3.57 پر آگئی ہے، انہوں نے کہا  امن و سکون اور معاشی استحکام پاکستان کی معاشی ترقی اور استحکام کا اہم جزو ہے۔انہوں نے کہا اسلام آباد پر چڑھائی کی ناپاک کوشش اور پاکستان مخالف سازش میں ملوث افراد کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا اور اگر کوئی بے گناہ ہے تو اسے کوئی ہاتھ نہیں لگائے گا، اسی پیمانے پر ہم آگے چلیں گے، معاشی استحکام کے لیے سیاسی استحکام ضروری ہے۔شہباز شریف نے کہا  غیر ملکی ترسیلات زر میں بھی پچھلے سال کے مقابلے میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، یہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے اعتماد کو ظاہر کرتا ہے۔وزیراعظم نے بانی پی ٹی آئی کی سول نافرمانی کی کال کو سب سے بڑی پاکستان دشمنی قرار دیتے ہوئے کہا  اس کے باوجود ہماری ترسیلات   میں بڑا اضافہ ہوا ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے رقوم بھجوائیں، پاکستان دنیا میں اپنا مقام بنائے گا، بیرونی سرمایہ کاری کیلئے سیاسی استحکام ضروری ہے۔انہوں نے کہاشام میں پھنسے پاکستانی شہریوں کی زمینی راستے سے واپسی کے لئے لبنان کے وزیر اعظم کے ساتھ مکینزم طے ہو گیا ہے ۔ وزیر خارجہ لبنان اور شام کے سفیروں سے رابطے میں ہیں ۔ انہوں نے کہا شام کے اندر حالات یکسر تبدیل ہوئے ہیں ۔ پاکستان اس معاملے میں غیر جانبدار رہا ہے ۔ تاہم ڈھائی سو زائرین شام گئے ہوے ہیں‘دریں اثناء وفاقی کابینہ نے 8آئی پی پیز کے ساتھ نئے معاہدوںکی منظوری دیدی ہے جس سے عام صارفین کیلئے بجلی کی قیمتوںمیںکمی ہوگی اور قومی خزانے کو 238 بلین روپے کا فائدہ ہو گا ۔وفاقی کابینہ نے وزارت دفاعی پیداوار کی سفارش پر ہیوی انڈسٹری ٹیکسلا کے بورڈ میں بریگیڈیر عاصم بشیر وڑائچ کی بطور ممبر پروڈکشن کنٹرول تعیناتی کی منظوری دے دی۔وفاقی کابینہ نے وزارت انسانی حقوق کی سفارش پر نیشنل کمیشن برائے اسٹیٹس آف ویمن فنڈ کے قیام کی منظوری دے دی۔