آزاد کشمیر کے انتخابات کے تیسرے مرحلے میں پیپلز پارٹی نے 2 نشستیں جیت لیں، ن لیگ ایک نشست جیت گئی، سابق وزیراعظم اپنی نشست ہار گئے

آزاد کشمیر کے انتخابات کے تیسرے مرحلے میں پیپلز پارٹی نے 2 نشستیں جیت لیں، ن لیگ ایک نشست جیت گئی، سابق وزیراعظم اپنی نشست ہار گئے

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے تیسرے مرحلے میں ضلع باغ اور حویلی کے حلقوں کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج سامنے آ گئے ہیں۔

 نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی نے دو نشستیں جیت لی ہیں جبکہ مسلم لیگ ن ایک نشست پر کامیاب رہی ہے۔حلقہ ایل اے 15 باغ کے تمام 213 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی نتائج کے مطابق، پیپلز پارٹی کے امیدوار ضیاء القمر 16,637 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے، جبکہ مسلم لیگ ن کے مشتاق منہاس 15,015 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے۔حلقہ ایل اے 17 حویلی میں بھی نتائج کے مطابق، وزیراعظم آزاد کشمیر اور پیپلز پارٹی کے امیدوار فیصل ممتاز راٹھور 31,839 ووٹ حاصل کرکے کامیاب رہے۔ مسلم لیگ ن کے چوہدری محسن عزیز نے 28,975 ووٹ لیے اور دوسرے نمبر پر رہے۔ تاہم، حویلی کے نتائج پر مسلم لیگ ن کے امیدوار چوہدری محسن عزیز نے دھاندلی کے الزامات عائد کرتے ہوئے اعتراضات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد ہونے کے بعد احتجاجاً ریٹرننگ افسر کے دفتر کے باہر دھرنا دیا ہے۔چوہدری محسن عزیز نے الزام لگایا ہے کہ فارم 24 میں مبینہ ٹمپرنگ کی گئی اور نتائج کو تبدیل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے پاس تمام پولنگ اسٹیشنز کے نتائج موجود ہیں جن کے مطابق وہ واضح برتری سے کامیاب تھے اور اگر دوبارہ گنتی میں کامیابی حاصل نہ ہوئی تو سیاست چھوڑ دیں گے۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے معاملے کا نوٹس لینے کی درخواست کی ہے۔

حلقہ ایل اے 16 شرقی باغ کے 174 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی نتائج کے مطابق، مسلم لیگ ن کے سردار میر اکبر 18,950 ووٹ لے کر آگے ہیں، جبکہ پیپلز پارٹی کے سردار قمر الزمان 15,015 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر ہیں۔ ذرائع کے مطابق، اس حلقے میں 12 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کا امکان ہے۔گزشتہ مرحلے کے نتائج کے مطابق، پیپلز پارٹی نے ضلع باغ اور حویلی کے چار حلقوں میں دو نشستیں جیت لی ہیں۔ فیصل ممتاز راٹھور اور ضیاء القمر اپنی نشستیں جیتنے میں کامیاب رہے، جبکہ سردار میر اکبر خان بھی کامیاب قرار پائے ہیں۔ حلقہ ایل اے 14 غربی باغ کے نتائج کے مطابق، عوامی دست و بازو کے ساجد عباسی 40,309 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ مسلم کانفرنس کے سردار عتیق احمد خان 19,234 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے۔یہ انتخابات آزاد کشمیر میں سیاسی ماحول میں اہم تبدیلیوں کا اشارہ دے رہے ہیں، اور نتائج کے حتمی اعلان کا انتظار کیا جا رہا ہے۔