آزاد کشمیر میں قانون ساز اسمبلی کے انتخابات 2026 کے تیسرے مرحلے کا انتخابی دنگل شروع ہوگیا، جہاں پونچھ ڈویژن کے اضلاع باغ اور حویلی کے 4 حلقوں میں ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق تیسرے مرحلے کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ ضلع باغ کے 3 جبکہ حویلی کے ایک حلقے میں پولنگ کا عمل جاری ہے، جو شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔شیڈول میں تبدیلی کے باعث پونچھ ڈویژن کے 5 اور سدھنوتی کے 2 حلقوں میں انتخابات پہلے ہی مؤخر کیے جا چکے ہیں، جس کے باعث ان حلقوں میں آج پولنگ نہیں ہو رہی۔تیسرے مرحلے کے انتخابی معرکے میں مسلم کانفرنس کے سربراہ اور سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان، وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل راٹھور اور آئی پی پی کے سربراہ و سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس سمیت اہم سیاسی رہنما میدان میں ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر کی رپورٹ کے مطابق آج ہونے والی پولنگ کے لیے چاروں حلقوں میں مجموعی طور پر 4 لاکھ 60 ہزار ووٹرز رجسٹرڈ ہیں، جو اپنے امیدواروں کے حق میں ووٹ ڈال رہے ہیں۔انتخابی عمل کو پرامن بنانے اور پولنگ اسٹیشنز پر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار پولنگ اسٹیشنز اور اطراف میں تعینات ہیں۔
پہلے دو مراحل میں مسلم لیگ ن کا پلڑا بھاری
آزاد کشمیر انتخابات کے پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کی 13 نشستوں پر پولنگ ہوئی تھی، جس میں مسلم لیگ ن نے 9 نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ پیپلز پارٹی 4 نشستیں جیتنے میں کامیاب رہی۔دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کی 9 اور مہاجرین کی 12 نشستوں پر ووٹنگ ہوئی۔ اس مرحلے میں مسلم لیگ ن نے 15 نشستیں حاصل کیں جبکہ پیپلز پارٹی کے حصے میں 6 نشستیں آئیں۔اب تک آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی مجموعی 45 نشستوں میں سے مسلم لیگ ن 24 نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہے، جبکہ پیپلز پارٹی 10 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔تیسرے مرحلے کی پولنگ کے نتائج سامنے آنے کے بعد آزاد کشمیر میں حکومت سازی اور جماعتوں کی مجموعی پوزیشن مزید واضح ہونے کا امکان ہے۔