آزاد کشمیر انتخابات: دوسرے مرحلے میں خاتون سمیت 7 نئے چہرے اسمبلی پہنچ گئے

آزاد کشمیر انتخابات: دوسرے مرحلے میں خاتون سمیت 7 نئے چہرے اسمبلی پہنچ گئے

اسلام آباد: آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں خاتون امیدوار سمیت 7 نئے چہرے پہلی مرتبہ اسمبلی کے رکن منتخب ہو گئے، جبکہ دونوں مراحل کے بعد مجموعی طور پر 12 نئے ارکان ایوان کا حصہ بن چکے ہیں۔

انتخابی نتائج کے مطابق مظفرآباد ڈویژن سے 2 اور مہاجرین کی نشستوں سے 5 نئے امیدوار کامیاب ہو کر پہلی بار قانون ساز اسمبلی میں پہنچے ہیں۔ایل اے 29 مظفرآباد سٹی سے پاکستان پیپلز پارٹی کے سردار مختیار احمد نے پہلی مرتبہ کامیابی حاصل کرتے ہوئے سابق وزیر حکومت بیرسٹر افتخار گیلانی کو شکست دی۔اسی طرح ایل اے 31 کھاوڑہ سے مسلم لیگ (ن) کے راجا ثاقب مجید اور ایل اے 36 جموں 3 سے محمد احسن رضا پہلی بار قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ایل اے 37 جموں 4 سے مسلم لیگ (ن) کی مریم جاوید بھی پہلی مرتبہ قانون ساز اسمبلی کی رکن منتخب ہوئیں، جبکہ ایل اے 38 جموں 5 سے چوہدری ذیشان علی، ایل اے 41 کشمیر ویلی 2 سے محمد عامر شاہ اور ایل اے 43 کشمیر ویلی 4 سے محمد یاسین لون بھی پہلی بار اسمبلی تک پہنچنے میں کامیاب رہے۔واضح رہے کہ انتخابات کے پہلے مرحلے میں بھی 5 نئے امیدوار قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔ یوں دونوں مراحل کے اختتام پر مجموعی طور پر 12 نئے چہرے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا حصہ بن گئے ہیں۔