آزاد کشمیر انتخابات: دوسرے مرحلے میں ن لیگ کا میدان مار لیا، 20 میں سے 13 نشستوں پر کامیابی

آزاد کشمیر انتخابات: دوسرے مرحلے میں ن لیگ کا میدان مار لیا، 20 میں سے 13 نشستوں پر کامیابی

آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مسلم لیگ (ن) نے واضح برتری حاصل کرتے ہوئے 20 میں سے 13 نشستوں پر کامیابی حاصل کر لی، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی 5 نشستیں اپنے نام کرنے میں کامیاب رہی۔

 یہ نتائج رات گئے تک موصول ہونے والے غیرحتمی اور غیر سرکاری نتائج پر مبنی ہیں۔مظفرآباد ڈویژن کی 8 اور مہاجرین کی 12 نشستوں پر پولنگ صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک جاری رہی۔ تاہم خراب موسم اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ایل اے 27 اور ایل اے 28 کے بعض پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹنگ ملتوی کر دی گئی۔الیکشن کمیشن کے مطابق نوسیری، نوسدہ، پنجگراں، دیولیاں اور پنجکوٹ کے بعض پولنگ اسٹیشنوں پر انتخابی عملہ اور پولنگ مٹیریل بروقت نہ پہنچنے کے باعث پولنگ 4 اگست تک مؤخر کر دی گئی، جبکہ سیل شدہ پولنگ بیگز واپس ریٹرننگ افسر کے حوالے کر دیے گئے۔غیر سرکاری نتائج کے مطابق نیلم ویلی، مظفرآباد اور مہاجرین کی متعدد نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کامیاب رہے، جن میں شاہ غلام قادر، مصطفیٰ بشیر عباسی، راجہ فاروق حیدر، حافظ احسن رضا، مریم جاوید، ذیشان یونس، محمد عامر شاہ، سید شوکت علی شاہ، یاسین لون اور احمد رضا قادری شامل ہیں۔پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی چند اہم نشستوں پر کامیابی حاصل کی، جن میں مظفرآباد سے سردار مختار، کشمیر ویلی سے عامر عبدالغفار اور عبدالماجد خان سمیت دیگر امیدوار شامل ہیں۔انتخابی نتائج کے بعد مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی سیاست میں سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی، جبکہ ملتوی ہونے والے پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹنگ مکمل ہونے کے بعد حتمی نتائج جاری کیے جائیں گے۔