کراچی: تیز رفتار ڈمپر اور ون وہیلنگ حادثے میں 2 شہری جاں بحق، ایک زخمی

کراچی: تیز رفتار ڈمپر اور ون وہیلنگ حادثے میں 2 شہری جاں بحق، ایک زخمی

شہرقائد میں ہیوی ٹریفک اور لاپرواہی کے باعث خونی حادثات کا سلسلہ جاری ہے۔ منگل کی صبح مختلف علاقوں میں دو الگ الگ ٹریفک حادثات میں دو نوجوان جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔

میمن گوٹھ حادثہ
میمن گوٹھ تھانے کے علاقے درمحمد گوٹھ کے قریب تیز رفتار ڈمپر نے موٹرسائیکل کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں 25 سالہ شاہ نواز ولد مولا بخش موقع پر جاں بحق جبکہ شاہ نور ولد گلاب شدید زخمی ہوگیا۔ زخمی اور لاش کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ دونوں افراد مقامی رہائشی تھے۔حادثے کے بعد علاقہ مکینوں نے سڑک بلاک کرکے شدید احتجاج کیا، تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر مذاکرات کے بعد سڑک ٹریفک کے لیے کھلوا دی۔ پولیس نے ڈمپر تحویل میں لے لیا اور ڈرائیور عمر کو گرفتار کرلیا، جس کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

ناظم آباد حادثہ
ناظم آباد نمبر چار کے قریب فائر اسٹیشن کے سامنے ایک موٹرسائیکل سوار نوجوان ون وہیلنگ کے دوران کھڑی گاڑی سے ٹکرا گیا۔ نوجوان کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ چند گھنٹے زندگی اور موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد دم توڑ گیا۔پولیس کے مطابق متوفی نوجوان کی فوری شناخت نہیں ہوسکی تاہم ابتدائی معلومات کے مطابق وہ اورنگی ٹاؤن کا رہائشی تھا۔ ورثا کی تلاش جاری ہے۔