کراچی میں ٹریفک اہلکار کے اشارہ کے باوجود تیز رفتار ڈمپر نے موٹرسائیکل کو ٹکر ماری، ایک شہری جاں بحق

کراچی میں ٹریفک اہلکار کے اشارہ کے باوجود تیز رفتار ڈمپر نے موٹرسائیکل کو ٹکر ماری، ایک شہری جاں بحق

کراچی: شہر قائد میں ہیوی گاڑیوں کی ٹکر سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے۔

 تازہ واقعے میں کورنگی کے علاقے انڈس چورنگی کے قریب تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا، جبکہ 2 افراد زخمی بھی ہوئے۔ واقعے کے بعد مشتعل شہریوں نے ڈمپر کو آگ لگا دی۔پولیس کے مطابق، ٹریفک پولیس اہلکاروں نے ڈمپر کو رکنے کا اشارہ کیا تھا، مگر ڈرائیور نے بغیر رُکے تیز رفتاری سے گاڑی چلائی اور پیچھے سے موٹر سائیکل پر ٹکر مار دی۔ حادثے کے بعد ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، جس کی گرفتاری کے لیے پولیس کارروائی کر رہی ہے۔جاں بحق شخص کی شناخت 40 سالہ محمد اقرار ولد محمد اصرار کے طور پر کی گئی ہے، جس کی لاش جناح اسپتال منتقل کی گئی ہے۔ حادثہ صبح 9 سے ساڑھے 9 بجے کے درمیان پیش آیا۔ ٹریفک پولیس کے انچارج اکمل رائے کا کہنا ہے کہ ڈرائیور بہت زیادہ رفتار سے گاڑی چلا رہا تھا، اور اہلکاروں نے اشارہ دیا تھا کہ وہ رک جائے، مگر وہ تیز رفتاری سے گزرتا رہا اور پھر موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔

حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر پہنچنے والے ڈمپر کے مالکان کا کہنا ہے کہ گاڑی میں کچرا بھرا ہوا تھا اور یہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے زیر استعمال ہے۔ حادثے کے بعد مشتعل افراد نے گاڑی کو آگ لگا دی، جس سے لاکھوں روپے کا نقصان ہوا۔ انہوں نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ گاڑی جلانے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔موقع پر موجود شہریوں کا کہنا ہے کہ دن دھاڑے ہیوی گاڑیاں شہریوں کی جان لے رہی ہیں، جبکہ عام شہریوں پر بھاری جرمانے عائد کیے جاتے ہیں اور ہیوی گاڑیوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاتی۔ اس واقعے کے بعد شہریوں میں غم و غصہ پایا جا رہا ہے، اور ٹریفک کے نظام میں بہتری کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔