کراچی: بے لائسنس ڈرائیور کی کار سے حادثہ، میاں بیوی جاں بحق

کراچی: بے لائسنس ڈرائیور کی کار سے حادثہ، میاں بیوی جاں بحق

گزشتہ روز کراچی کے معروف شارعِ فیصل پر ایک افسوس ناک حادثہ پیش آیا جس میں تیز رفتار کار فٹ پاتھ پر بیٹھے میاں بیوی پر چڑھ گئی، جس کے نتیجے میں دونوں موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

 پولیس کی جانب سے اس واقعے پر رپورٹ جاری کی گئی ہے جس میں کہا گیا کہ حادثے کا سبب 17 سالہ کم عمر کار ڈرائیور عتیق کی غفلت تھی، جو نہ صرف بغیر ڈرائیونگ لائسنس کے گاڑی چلا رہا تھا، بلکہ اس کے پاس قومی شناختی کارڈ بھی موجود نہیں تھا۔پولیس رپورٹ کے مطابق یہ حادثہ افطار کے بعد پیش آیا جب شارع فیصل پر ٹریفک کا دباؤ کم ہوتا ہے۔ حادثے کے دوران کار میں تین دوست بھی سوار تھے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب تیز رفتار کار فاسٹ لین سے انتہائی بائیں جانب آ کر موٹر سائیکل کو ٹکر مارنے کے بعد فٹ پاتھ پر بیٹھے میاں بیوی کو بھی روند گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ کار کی رفتار تقریباً 120 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی، جو کہ محفوظ حد سے کہیں زیادہ تھی۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ کم عمر ڈرائیور کی وجہ سے گاڑی چلانے کی اہلیت نہیں تھی، اور یہ بھی واضح نہیں ہو سکا کہ گاڑی کے ٹائر حادثے سے پہلے پھٹے یا بعد میں۔مذکورہ واقعہ کے دوران موٹر سائیکل سواروں نے ہیلمٹ نہیں پہن رکھا تھا، جو کہ ایک اور خلاف ورزی تھی۔

 پولیس نے بتایا کہ نابالغ اور بغیر لائسنس ڈرائیوروں کو گاڑی دینے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔حادثے کے بعد پولیس اور فلاحی اداروں کے رضا کار موقع پر پہنچے اور جاں بحق ہونے والے میاں بیوی کی لاشوں کو جناح اسپتال منتقل کیا۔ اسی دوران مقامی شہریوں نے کار ڈرائیور کو پکڑ لیا اور اسے تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے بعد پولیس نے اسے شہریوں کے چنگل سے نکال کر تھانے منتقل کیا۔واقعے کے نتیجے میں شارع فیصل پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی، اور اس کے باعث علاقے میں افراتفری مچ گئی۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 30 سالہ ایاز اور 25 سالہ اقصیٰ کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے اور ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔