ڈولفن سکواڈ نے ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ اور پتنگ بازی کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا
لاہور(کرائم رپورٹر) ڈولفن سکواڈ کا سنڈے سپیشل گرینڈ آپریشن صوبائی دارالحکومت میں جرائم پیشہ عناصر، ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ اور پتنگ بازی کے خلاف کیا گیا۔ چھٹی کے روز شہر کے مختلف علاقوں سے 43 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ ترجمان ڈولفن کے مطابق ڈیفنس، مال روڈ، کینال روڈ، جیل روڈ، بند روڈ، فیروزپور روڈ اور دیگر علاقوں سے 38 ون ویلرز پکڑے گئے، جبکہ پتنگ بازی و ہوائی فائرنگ میں ملوث 5 ملزمان کو فیکٹری ایریا، سندر، ہربنس پورہ اور دیگر مقامات سے گرفتار کیا گیا۔ ملزمان کے قبضہ سے پتنگیں، ڈور اور ناجائز اسلحہ برآمد ہوا۔ گرفتار ملزمان کو متعلقہ تھانوں کے حوالے کر دیا گیا۔ ایس پی ڈولفن ارسلان زاہد نے کہا کہ پتنگ بازی، ون ویلنگ اور ہوائی فائرنگ کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی، شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالنے نہیں دیں گے، ڈولفن سکواڈ شہریوں کو حادثات اور منچلوں کی ہلڑ بازی سے محفوظ رکھنے کے لیے اہم شاہراہوں پر موجود ہے۔