پولیس ملازمین کے بچوں کے علاج کیلئے 29 لاکھ روپے جاری

لاہور (کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا پولیس ملازمین کے بچوں کی بہترین ہیلتھ ویلفیئر کے لیے مشن جاری ہے۔ اس تسلسل میں لاہور سمیت مختلف اضلاع کے پولیس ملازمین کے سنگین بیماریوں کے شکار بچوں کے علاج معالجے کے لیے 29 لاکھ 65 ہزار روپے جاری کر دیے گئے۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ کانسٹیبل محسن علی کو بیٹی کی کوکلیئر امپلانٹ سرجری کے لیے 16 لاکھ 60 ہزار روپے کی منظوری دی گئی۔ کانسٹیبل سکندر سلیم کو بیٹے کے عارضہ دل کے علاج کے لیے 3 لاکھ روپے دیے گئے۔ ہیڈ کانسٹیبل ثاقب فاروق کو بیٹے کے دل کے عارضے کے علاج کے لیے 2 لاکھ 75 ہزار روپے کی منظوری دی گئی۔کانسٹیبل محمد ارشد کو بیٹی کی سماعت کے علاج معالجے کے لیے 2 لاکھ 25 ہزار روپے دیے گئے۔ اے ایس آئی غلام اصغر کو بیٹے کی ٹانگوں کی سرجری کے لیے 2 لاکھ 5 ہزار روپے فنڈز جاری کیے گئے۔ ڈی ای او اظہار الحق کو بیٹی کی سرجری کے لیے 2 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی۔ لیڈی اے ایس آئی عصمت حمید کو بیٹے کے علاج کے لیے ایک لاکھ روپے دیے گئے۔آئی جی پنجاب نے مذکورہ بالا فنڈز ویلفیئر مینجمنٹ کمیٹی کی سکروٹنی و منظوری کے بعد جاری کیے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں مصروف عمل ملازمین کے اہلخانہ کی بہترین ویلفیئر اولین ترجیح ہے۔