موچی گیٹ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی سے ملزمان کو گرفتار کیا
لاہور (کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا کی ہدایت پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ انچارج انویسٹی گیشن تھانہ موچی گیٹ فیاض حسین نے پولیس ٹیم کے ہمراہ بڑی کارروائی کرتے ہوئے نوسرباز گینگ کے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔گرفتار ملزمان میں گینگ کا سرغنہ اور اس کا ساتھی شامل ہیں۔ انچارج انویسٹی گیشن تھانہ موچی گیٹ فیاض حسین کے مطابق ملزمان سے شہریوں کو نوسربازی کر کے لوٹی ہوئی رقم 7 لاکھ روپے برآمد کر لی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ملزمان سے 4 عدد موبائل فون، 1 عدد موٹرسائیکل، اور ناجائز اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ایس پی انویسٹی گیشن سٹی فرحت عباس کے مطابق ملزمان شاہ عالم مارکیٹ میں پنجاب بھر سے خرید و فروخت کے لیے آئے سادہ لوح شہریوں کو نشانہ بناتے تھے۔ ملزمان نے دوران تفتیش متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔ ملزمان کو جدید ٹیکنالوجی سمیت ہیومین انٹیلیجنس کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔پولیس پراسیکیوشن پارٹنر شپ کی مدد سے گرفتار ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا کے مطابق جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا، اور قانون شکن عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید نے پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔