3 رکنی ڈکیت گروپ گرفتار

لاہور (کرائم رپورٹر) ایس ایچ او کاہنہ فہیم امداد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے تین رکنی ڈکیت گروپ کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کو ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے 72 گھنٹوں کے اندر پنجوں گاؤں سے گرفتار کیا گیا۔ ملزمان نے تین روز قبل عابد نامی شہری سے گن پوائنٹ پر 30 ہزار روپے کی واردات کی تھی۔ملزمان ریکی کرکے گن پوائنٹ پر شہریوں سے وارداتیں کرتے تھے۔ گرفتار ملزمان ثمران، آصف اور عثمان سے چھینی گئی نقدی اور دو پستول برآمد کر لیے گئے۔ اس کے علاوہ ملزمان سے لیاقت آباد کے علاقے سے چوری ہوئی موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی گئی۔ایس پی ماڈل ٹاؤن اخلاق اللہ تارڑ کے مطابق سٹریٹ کرمنلز کے خلاف مؤثر حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں اے وی ایل ایس ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔