بلوچستان کے نوجوان باکسر شیر باز مری نے عالمی چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیت لیا

بلوچستان کے نوجوان باکسر شیر باز مری نے عالمی چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیت لیا

کوہلو: محدود وسائل اور نامساعد حالات کے باوجود بلوچستان کے نوجوان کھلاڑی شیر باز مری نے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کردیا، قازقستان میں منعقدہ نوماڈ ایم ایم اے ورلڈ چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیت کر ملک کے لیے اعزاز حاصل کرلیا۔

کوہلو سے تعلق رکھنے والے شیر باز مری کی اس کامیابی کو کھیلوں کے میدان میں بلوچستان کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کا اہم اظہار قرار دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے عالمی مقابلے میں اپنی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کیا اور پاکستان کا قومی پرچم سربلند کیا۔شیر باز مری نے اپنی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح تک پہنچنے کا سفر آسان نہیں تھا۔ ووشو سے کھیلوں کا آغاز کیا، بعد ازاں باکسنگ اور پھر کک باکسنگ کی طرف آئے۔ ان کے مطابق کھیلوں کے مختلف شعبوں میں 16 سالہ مسلسل جدوجہد اور محنت نے انہیں عالمی سطح پر پہچان دلائی۔

قومی پرچم لہرانا میرے لیے اعزاز ہے، شیر باز مری

نوجوان کھلاڑی کا کہنا تھا کہ عالمی مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی کرنا اور کامیابی کے بعد قومی پرچم لہرانا ان کے لیے انتہائی فخر اور اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی صرف ان کی ذاتی محنت کا نتیجہ نہیں بلکہ پاکستان کے لیے بھی ایک قابلِ فخر لمحہ ہے۔شیر باز مری نے مزید بتایا کہ عالمی سطح پر کامیابی کے بعد حکومت بلوچستان کی جانب سے سرکاری ملازمت کی فراہمی بھی ان کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث بنی ہے۔ ان کے مطابق اس طرح کی پذیرائی کھلاڑیوں کو مزید محنت اور بہتر کارکردگی دکھانے کا جذبہ فراہم کرتی ہے۔

بلوچستان کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کا اعتراف

شیر باز مری کی کامیابی ایک بار پھر اس حقیقت کو اجاگر کرتی ہے کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں کھیلوں سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے کی صلاحیت موجود ہے۔ مناسب مواقع، تربیت اور سرپرستی میسر ہو تو یہ نوجوان قومی اور عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کرسکتے ہیں۔