اقلیتوں کو مکمل حقوق حاصل، فلاح و بہبود حکومت کی ترجیح:وزیراعظم

 اقلیتوں کو مکمل حقوق حاصل، فلاح و بہبود حکومت کی ترجیح:وزیراعظم

ویب ڈیسک: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور مذہبی آزادی کے فروغ کے لیے اقوام عالم کے ساتھ کھڑا ہے اور اس مشن کے لیے ہمیشہ کوشاں رہے گا۔

اقلیتوں کے عالمی دن کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ اقلیتوں کی فلاح و بہبود حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور ان کی ناقابلِ فراموش خدمات کو قومی اثاثہ تصور کیا جاتا ہے۔ انہوں نے اس امر پر اطمینان ظاہر کیا کہ آج پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل شہری اور مذہبی حقوق حاصل ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی 11 اگست 1947 کی تاریخی تقریر اقلیتوں کے محفوظ مستقبل اور مساوی حقوق کی نظریاتی ضمانت فراہم کرتی ہے۔ "ہم آج اس عزم کی تجدید کرتے ہیں کہ اقلیتوں کو مساوی مواقع فراہم کر کے قومی ترقی میں ان کا کردار مزید مؤثر بنایا جائے گا۔"شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان کو اقلیتوں کے جذبہ حب الوطنی اور ثقافتی ورثے سے گہری وابستگی پر فخر ہے، اور حکومت ان کی قومی دھارے میں بھرپور شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔