پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل آزادی اور حقوق حاصل ہیں، کرسمس پر پیغام:محسن نقوی

پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل آزادی اور حقوق حاصل ہیں، کرسمس پر پیغام:محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کرسمس کے موقع پر ایک بیان میں پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مکمل آزادی حاصل ہے اور ان کے حقوق کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔ محسن نقوی نے کرسمس کے تہوار کو محبت، امن اور بھائی چارے کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن انسانیت کے احترام اور محبت کے پیغام کا حامل ہے۔وزیر داخلہ نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی تعلیمات کو سراہا، جو پوری انسانیت کے لیے امن، رواداری اور ہمدردی کے پیغامات لے کر آئے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی تعلیمات کا محور کسی ایک طبقہ تک محدود نہیں تھا، بلکہ وہ پوری انسانیت کے لیے تھیں، اور ان کی تعلیمات آج بھی دنیا بھر میں محبت اور احترام کی علامت ہیں۔محسن نقوی نے مزید کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے پاکستان کے قومی پرچم میں سفید رنگ اقلیتی برادریوں کے لیے رکھا تھا، جس سے ان کے حقوق اور ان کی اہمیت کو تسلیم کیا گیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کا آئین اقلیتی برادریوں کے حقوق کا تحفظ کرتا ہے اور ان کو ہر طرح کی آزادی فراہم کرتا ہے۔

وزیر داخلہ نے مسیحی برادری کی پاکستان کی ترقی میں اہم خدمات کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ ان کا کردار ملک کی ترقی میں بہت اہم ہے اور اس کے بغیر پاکستان کی تعمیر و ترقی ممکن نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے دعا کی کہ کرسمس کا تہوار مسیحی برادری کے لیے خوشیوں اور کامیابیوں کا پیغام لائے اور یہ دن پوری قوم کے لیے محبت، امن اور بھائی چارے کا پیغام ہو۔محسن نقوی نے اپنے پیغام کے آخر میں کہا کہ پاکستان میں اقلیتی برادری کے افراد کو مکمل تحفظ اور حقوق فراہم کیے جا رہے ہیں، اور حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لارہی ہے کہ پاکستان ایک ایسا معاشرہ بنے جہاں تمام افراد کو بغیر کسی تفریق کے مساوی حقوق حاصل ہوں۔